سال 2021ء کے دوران سونے کی قیمت میں 12 ہزار روپے اضافہ ہوا

یکم جنوری 2021ء کو سونے کی فی تولہ قیمت 1 لاکھ 14 ہزار روپے کی سطح پر تھی


Ehtisham Mufti January 01, 2022
سال 2021 کے دوران 10.52 فیصد اضافہ ہوا- فوٹو:فائل

بین الاقوامی سطح پر سال 2021ء کے دوران سونے کی فی اونس قیمت میں کمی کے باوجود پاکستان میں فی تولہ سونے کی قیمت میں 12 ہزار روپے اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق انٹرنیشنل بلین مارکیٹ 2021 کے دوران سونے کی فی اونس قیمت میں 74 ڈالرزکمی ہوئی، یکم جنوری 2021 کو عالمی مارکیٹ میں سونے کی فی اونس قیمت 1894 ڈالرز تھی جو کہ 31 دسمبر 2021 کو کم ہوکر 1,820 ڈالرز کی سطح پر بند ہوئی۔

سالانہ کارکردگی کا جائزہ لیا جائے تو عالمی مارکیٹ میں سونے کی قدر میں 3.90 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی مگر پاکستان کے مقامی صرافہ بازاروں میں ایک سال کے دوران فی تولہ سونے کی قیمت میں مجموعی طور پر 12 ہزار روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

یکم جنوری 2021 کو سونے کی فی تولہ قیمت 1 لاکھ 14 ہزار روپے کی سطح پر تھی، جو 31 دسمبر 2021 کو 126,000 روپے پر پہنچ گئی جبکہ سال کے دوران دس گرام سونے کی قیمت میں مجموعی طور پر 10 ہزار 288 روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

مزید پڑھیں: 2021 عوام کیلئے تبدیلی سرکار کا مہنگا ترین سال ثابت ہوا، ادارہ شماریات

جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق 8 مارچ کو فی تولہ سونے کی کم ترین سطح 102,500 روپے رہی جبکہ 26 اکتوبر کو 132,000 روپے بلند ترین سطح ریکارڈ کی گئی تھی۔

سال 2021 کے دوران سونے کی دس گرام قیمت 97,737 روپے سے بڑھ کر 108,025 روپے کی سطح پر پہنچی جبکہ چاندی کی قیمت میں سال 2021 میں 11فیصد کا اضافہ ہوا، چاندی کی فی تولہ قیمت مجموعی طور پر 140 روپے کے اضافے سے 1460 روپے تولہ کی سطح پر پہنچی۔

مارکیٹ ذرائع نے بتایا کہ سال 2021 کے دوران مقامی سطح پر سونے کی طلب میں اضافہ ہوا، جس کی بنیادی وجہ شادی بیاہ کی تقریبات اور کم شرح سود سمیت اسٹاک مارکیٹ کی صورت حال ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں