شاہ رخ جتوئی کی جیل واپسی مختلف اسپتالوں سے 15 قیدی دوبارہ جیل منتقل

اسپتال سےواپس سینٹرل جیل منتقل کیے جانے والوں میں مختلف سیاسی جماعتوں کے کارکنان، اعلی عہدوں پر فائز افسران شامل ہیں


Staff Reporter January 10, 2022
شاہ رخ جتوئی نے شاہ زیب خان کو دسمبر 2012 میں فائرنگ کر کے قتل کردیا تھا—فائل فوٹو

ISLAMABAD: سپریم کورٹ کی جانب سے شاہ زیب قتل کے مرکزی مجرم شاہ رخ جتوئی کی جیل واپسی کے بعد مختلف اسپتالوں سے قیدیوں کی منتقلی کا سلسلہ شروع ہوگیا۔

اسپتال سے واپس سینٹرل جیل منتقل کیے جانے والوں میں مختلف سیاسی جماعتوں کے کارکنان، قومی و غیر ملکی اداروں میں اعلی عہدوں پر فائز افسران اور دیگر شامل ہیں۔

گزشتہ روز سینٹرل جیل کے قیدی شاہ رخ جتوئی کی نجی اسپتال سے سینٹرل جیل واپس منتقلی کے بعد یہ سلسلہ چل پڑا اور رات تک مختلف سرکاری و نجی ہسپتالوں سے 15 سے زائد قیدی سینٹرل جیل پہنچ گئے۔

مزیدپڑھیں: شاہ زیب قتل کیس؛ شاہ رخ جتوئی کی جیل کے بجائے اسپتال میں شاہانہ زندگی کا انکشاف

یہ قیدی مختلف الزامات کے تحت جیل میں قید تھے۔ جیل حکام کا کہنا ہے کہ 5 ہزار قیدیوں میں 20 سے 25 افراد عموما اسپتالوں میں داخل ہوتے ہیں۔

گزشتہ روز واپس جیل منتقل کیے جانے والوں میں عمیر صدیقی، ذیشان، صدیق، سلمان ابڑو، کشور کمار، سعید بھرم، محمد نعیم اور دیگر شامل ہیں۔

اس سلسلے میں جیل حکام کا کہنا ہے کہ عمومی طور پر سینٹرل جیل کراچی میں 5 ہزار سے زائد قیدی موجود ہوتے ہیں اور ان میں تقریباً 25 قیدی مختلف سرکاری و نجی اسپتالوں میں زیر علاج تھے۔


خیال رہے کہ شاہ زیب خان قتل کے مرکزی مجرم شاہ رخ جتوئی کے متعلق اہم انکشاف ہوا تھا کہ وہ کئی ماہ سے جیل کے بجائے کراچی کے علاقے گزری میں واقع غیر معروف نجی اسپتال کی بالائی منزل پر شاہانہ زندگی گزار رہے تھے۔


یہ بھی پڑھیں: شاہ زیب قتل کیس؛ شاہ رخ جتوئی سمیت تمام ملزمان رہا

شاہ رخ جتوئی کو پرائیویٹ اسپتال میں محکمہ داخلہ سندھ کے حکم پر چند ماہ قبل منتقل کیا گیا۔ قمرالاسلام اسپتال شاہ رخ جتوئی کے خاندان نے کرائے پر حاصل کر رکھا ہے۔ خبر سامنے آنے کے بعد شاہ رخ جتوئی کو نجی اسپتال سے دوبارہ سینٹرل جیل منتقل کردیا گیا۔

واضح رہے کہ شاہ رخ جتوئی نے شاہ زیب خان کو دسمبر 2012 میں فائرنگ کر کے قتل کردیا تھا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں