تمام ممالک بالخصوص عالم اسلام طالبان حکومت کو تسلیم کریں وزیراعظم ملا حسن

یہ مطالبہ طالبان حکومت کے نگراں وزیراعظم نے اقوام متحدہ کے ارکان کے ہمراہ پریس کانفرنس میں کیا


ویب ڈیسک January 19, 2022
وزیراعظم نے ستمبر میں عہدہ سنبھالنے کے بعد پہلی کانفرنس کی، فوٹو: فائل

ISLAMABAD: امارت اسلامیہ افغانستان کے وزیراعظم ملا حسن اخوندزادہ نے پہلی بار ایک پریس کانفرنس میں تمام حکومتوں اور بالخصوص عالم اسلام سے طالبان حکومت کو تسلیم کرنے کا مطابہ کیا ہے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق طالبان کے افغانستان کے اقتدار سنبھالنے کے بعد مقرر کردہ نگراں وزیر اعظم ملا حسن اخوندزادہ نے عہدے سنبھالنے کے 4 ماہ بعد پہلی پریس کانفرنس کی۔

اس اہم پریس کانفرنس میں وزیراعظم ملا حسن اخوند زادہ کے ہمراہ افغانستان میں اقوام متحدہ کے پروجیکٹس کے انتظامی امور کی نگرانی کرنے والے ارکان بھی موجود تھے۔

پریس کانفرس میں طالبان حکومت کے نگراں وزیر اعظم ملا حسن اخوندزادہ نے تمام ممالک اور بالخصوص اسلامی حکومت سے طالبان حکومت کو تسلیم کرنے کا مطالبہ کیا۔

یہ خبر بھی پڑھیں : طالبان کا مارچ سے ملک بھر میں لڑکیوں کے اسکول کھولنے کا اعلان

قبل ازیں طالبان حکومت کو تسلیم کرنے اور فنڈز کی بحالی کے مطالبے حکومت کے ترجمان یا وزیر خارجہ کی جانب سے کیے جاتے رہے ہیں۔

دوسری جانب عالمی قوتیں طالبان حکومت کو تسلیم کرنے کو لڑکیوں کے اسکول کھولنے، خواتین کی ملازمتوں پر واپسی اور کابینہ میں تمام طبقات کی نمائندگی سے مشروط کرتی آئی ہیں۔

طالبان حکومت کی جانب سے حال ہی میں لڑکیوں کے اسکول افغانستان کے سال نو کے آغاز سے کھولنے کا عندیہ دیا گیا ہے۔ افغانستان میں سال کا آغاز 21 مارچ سے ہوتا ہے۔

یہ خبر پڑھیں : ہمارے منجمد اثاثے بحال ہوجائیں تو کسی اور امداد کی ضرورت نہیں رہے گی، طالبان

واضح رہے کہ گزشتہ برس اگست کے وسط میں طالبان نے افغانستان میں اقتدار سنبھال لیا تھا جس کے بعد عالمی اداروں نے امدادی رقم اور عالمی بینکوں میں رکھے افغان حکومت کے اثاثے منجمد کردیئے گئے تھے جو اربوں ڈالرز میں ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں