لاہور پریس کلب کے باہر نامعلوم افراد کی فائرنگ سے صحافی جاں بحق

حسنین شاہ پریس کلب کے باہر اپنی گاڑی میں بیٹھے تھے کہ موٹر سائیکل پر سوار ملزمان نے انہیں روک کر گولی مار دی


ویب ڈیسک January 24, 2022
انٹرنیشنل فیڈریشن آف جرنلسٹس کے مطابق پاکستان میں 2021 میں 3 صحافی مارے گئے۔—فائل فوٹو

لاہور پریس کلب (ایل پی سی) کے باہر نامعلوم مسلح افراد نے ایک مقامی صحافی پر فائرنگ کرکے قتل کر دیا۔

پولیس حکام کے مطابق حسنین شاہ پریس کلب کے باہر اپنی گاڑی میں بیٹھے تھے کہ موٹر سائیکل پر سوار ملزمان نے انہیں روک کر گولی مار دی جس سے وہ موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے۔

حسنین شاہ نجی ٹی وی چینل میں کرائم رپورٹر اور ایل پی سی کا ممبر بھی تھے، لاہور کے سی سی پی او فیاض احمد نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے کہا کہ واقعے کے ملزمان کی گرفتاری کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔

مزیدپڑھیں: دنیا بھر میں 2021 کے دوران 45 صحافیوں کو قتل کیا گیا، آر ایس ایف

دوسری جانب پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹ (پی ایف جے یو) نے واقعے کی مذمت کی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت شہر میں امن و امان برقرار رکھنے میں ناکام رہی ہے۔

لاہور اکنامک جرنلسٹ ایسوسی ایشن نے بھی قتل کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ صحافیوں کی جانیں محفوظ نہیں اور انتظامیہ انہیں تحفظ دینے میں ناکام ہو چکی ہے۔

لاہور پریس کلب کے صدر اعظم چوہدری نے کہا کہ دن دیہاڑے پریس کلب کے سامنے صحافی کا قتل حکومت کے لیے لمحہ فکریہ ہے۔

انٹرنیشنل فیڈریشن آف جرنلسٹس (آئی ایف جے) کے مطابق پاکستان میں 2021 میں 3 صحافی مارے گئے۔اس میں کہا گیا کہ اسی سال دنیا بھر میں 45 صحافی مارے گئے۔

فواد چوہدری کا اظہار مذمت

وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے ایل پی سی ے کونسل ممبر اور سینئر کرائم رپورٹر حسنین شاہ کے قتل پر مذمت کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ورثا اور صحافی برادری کے ساتھ ہے، دکھ کی اس گھڑی میں برابر کے شریک ہیں۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ قتل میں ملوث ملزمان کو کیفر کردار تک پہنچایا اور مقتول کے لواحقین کو ہر صورت انصاف فراہم کیا جائے گا۔

 

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں