رینجرز میڈیا پر جھوٹ بولنے کے بجائے اللہ سے معافی مانگے الطاف حسین

اللہ کی لاٹھی بےآواز ہے،اسکے یہاں دیرہےاندھیر نہیں،کارکنوں پرتشدد،لاپتہ اورماورائےعدالت قتل پرغلط بیانی نہ کی جائے


Staff Reporter/Express Desk February 16, 2014
مہاجروں پرتشدد اور مغلظات دی جارہی ہیں، لاپتہ کارکنوں کی لاشیں ملنے کا سلسلہ ہوگیا، بلوچ کالعدم تنظیموں کے راستے پرنہیں جائینگے،حیدرعباس۔ فوٹو: فائل

متحدہ قومی موومنٹ کے قائدالطاف حسین نے رینجرزکے اس بیان کوسختی سے مسترد کردیاہے جس میں رینجرزکے ذرائع نے ملکی وعالمی ذرائع ابلاغ کویہ تاثر دینے کی کوشش کی ہے کہ رینجرزکے اہلکار ماورائے عدالت قتل، کارکنوں کولاپتہ کرنے اورگرفتارشدگان کوبہیمانہ تشددکے بعدنیم مردہ حالت میں پھینکنے میں ملوث نہیں۔

اگرحکومت پاکستان،انٹرنیشنل کورٹ آف جسٹس سے رابطہ کرکے اس کی عدالتیں پاکستان میں قائم کرے توایم کیوایم کے سیکڑوں گرفتارکارکنان اس بات کے ثبوت وشواہدمہیاکریںگے کہ رینجرزکے اہلکارنہ صرف اپنے حکام بالاکے اشارے پرگرفتارشدگان پربہیمانہ طریقے سے تھرڈڈگری تشددکرتے ہیں بلکہ پوری مہاجرقوم کوانتہائی غلیظ مغلظات بکنے کے بعدانھیں دھمکی دیتے ہیں کہ'' ہم تمہاری نسلیں مٹانے کے لیے آئے ہیں، اگرمہاجر اپنی زندگی بچاناچاہتے ہیں توواپس انڈیابھاگ جائیں''۔

الطاف حسین نے وزیراعظم نوازشریف، وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثاراور چیف آف آرمی اسٹاف جنرل راحیل شریف کومخاطب کرتے ہوئے کہاکہ مجھ کوبھی روز محشر اللہ کے یہاں جواب دیناہے لیکن آپ سب کوبھی اللہ کے یہاں جواب دینا ہوگا جہاں نہ کوئی وردی کام آئے گی نہ کرسی ،نہ ہی کسی کاکوئی بڑے سے بڑامنصب کام آئے گااورنہ ہی مال ودولت کام آسکے گی لہٰذا میں ان ارباب اختیارسے یہ اپیل کرناچاہوں گاکہ وہ کراچی میں جاری آپریشن میں صرف اورصرف ایم کیوایم کونشانہ بنانے،اس کے کارکنوں کوتشدد کانشانہ بنانے، انھیں ماورائے عدالت قتل کرنے اور گرفتار کرنے کے بعدلاپتہ کرنے کاعمل بندکرائیں ورنہ اس بات کویادرکھیں کہ اللہ کے یہاں دیرہے اندھیرنہیں اوراللہ کی لاٹھی بے آوازہوتی ہے۔رینجرزکے ذرائع جھوٹ کاسہارا لینے کے بجائے اپنے گناہوں کاعوام میں اعتراف کرکے اللہ کے حضور اورعوام سے معافی کے طلبگارہو،اسی میں ملک اورقوم کی بھلائی ہے۔دریں اثنا قائد متحدہ نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ نائن زیرو کی ٹیلیفون لائنوں کو جان بوجھ کر خراب کیا گیا ہے جس سے رابطے میں مشکلات کا سامنا ہے۔

متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی کے رکن حیدرعباس رضوی نے مطالبہ کیاکہ ایم کیوایم کے کارکنان اورہمدردوںکے ماورائے عدالت قتل کے واقعات اورانسانیت سوزمظالم کے کاسختی سے نوٹس لیاجائے اورلاپتہ کارکنان کی بازیابی کیلیے فوری اقدامات کیے جائیں،وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثارکی واضح یقین دہانی کے باوجودکراچی ٹارگٹڈآپریشن میںایم کیوایم اورمہاجرعوا م کونشانہ بنانے کاسلسلہ بدستورجاری ہے، آج ہمارے اورنگی ٹائون کے ایک اورہمدردمحمدعارف کوسرکاری اہلکاروں نے گرفتارکرکے بہیمانہ تشددکانشانہ بنایااورماورائے عدالت قتل کردیا،حکومتیں اورلوگ تبدیل ہوتے رہتے ہیں،ہم ظلم وستم برداشت کرتے رہے ہیں لیکن اس راستے پرنہیں جائیں گے جہاں بلوچستان کے لوگ اوردیگرکالعدم تنظیمیں جاچکی ہیں، راجاعمرخطاب کی پریس کانفرنس ان لوگوں کے منہ پرطمانچہ ہے جو ہر واقعے میں ایم کیو ایم کوملوث کرتے نہیں تھکتے تھے، آپریشن کاتیسرامرحلہ ضرورپوراکیاجائے مگرقانون دوست ایم کیوایم کیخلاف نہیں بلکہ ان خلاف جوپاکستان کے دشمن ہیں اورقانون نافذ کرنیوالے ادارے کے اہلکاروں،پولیس اورمعصوم شہریوں کو نشانہ بنارہے ہیں۔

ارکان رابطہ کمیٹی عامرخان،بابرغوری اور عبدالحسیب کے ہمراہ خورشید بیگم سیکریٹریٹ عزیز آبادمیں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے حیدرعباس رضوی نے کہاکہ کراچی طالبان کی لائف لائن بناہواہے جہاں سے اغوا برائے تاوان، بینک ڈکیتیوں اور بھتہ خوری کی مدمیں جمع ہونیوالی بھاری رقم دہشتگردوں کوپہنچائی جارہی ہے، کراچی میں دہشتگردوں،جرائم پیشہ عناصر،بھتہ مافیا، ٹارگٹ کلرز ،کالعدم انتہاپسند تنظیموں اور طالبان سمیت وہ عناصر جو معاشرے کیلیے ناسوربننے ہوئے ہیں ان کیخلاف ان کے خلاف کسی قسم کی کوئی کارروائی ہوتی نظر نہیں آرہی ، کراچی میں آج بھی ٹارگٹ کلنگ ،اغواء برائے تاوان ، بینک ڈکیتیوں اور رینجرزپولیس پر حملوں سمیت دیگرسنگین جرائم کی وارداتوں کا سلسلہ جاری ہے اورفرقہ وارانہ بنیادوں پر معصوم لوگوں کونشانہ بنایاجارہاہے بلکہ اب صورتحال یہ ہے کہ جرائم پیشہ عناصر،بھتہ مافیا، دہشت گردوں، کالعدم انتہا پسند تنظیموں اور طالبان کیخلاف شروع ہونیوالا ٹارگٹڈآپریشن کارخ سازش کے تحت ایم کیوایم کی طرف موڑدیا گیا ہے جو تسلسل کے ساتھ دن بہ دن بھیانک ہوتاجارہاہے اورجس میں ایم کیوایم کے بے گناہ کارکنان اور ہمدردوں کو گرفتارکرکے انسانیت سوزبہیمانہ تشددکانشانہ بنایا جارہاہے ، ان کے نازک حصوں پرکرنٹ اور سیگریٹ سے جلایاجارہاہے، نازک جگہ کے ذریعے جسم میں پٹرول داخل کیا جارہا ہے اور انھیں ماورائے عدالت قتل کیاجارہا ہے۔

ایم کیوایم کے کارکنان کی تشددزدہ لاشیں مل رہی ہیں اور لاپتہ کارکنان کی فہرست میں تیزی سے اضافہ ہو رہاہے گرفتار کیے گئے نوجوانوں کوگندی گندی مغلظات بکیں جاتی ہیں انھیں ہندوستانی ایجنٹ کہاجارہاہے، اسنیپ چیکنگ کے نام پرمہاجر بزرگوں اورنوجوانوں کوروک کران کی تذلیل کی جارہی ہے جبکہ اردوبولنے کی پاداش میں سینٹرل جیل میں اسیر ایم کیوایم کے 5کارکنان کودوسرے صوبے بھیج دیاگیاہے اس قسم کے انگنت واقعات ہیں۔بابرغوری نے کہاکہ چوہدری نثارکی یقین دہانی کے باوجودمحمدعارف کوگرفتارکرنے کے بعد انسانیت سوزتشددکانشانہ بنایاگیااور تشددزدہ لاش پھینک دی گئی ،وال اسٹریٹ جنرل رسالے میں جونقشہ پیش کیاگیاہے اس میں واضح ہے کہ طالبان نے کراچی کو3اطراف سے گھیررکھاہے،محض جذباتی نعروں سے سندھ کو طالبائزیشن سے نہیں بچایاجاسکتااس کوبچانا ہے توزندہ قوم بن کرطالبان دہشت گردوں کومقابلہ کرنا ہوگا۔ بعدازاں حیدر عباس رضوی نے صدرممنون حسین ، وزیراعظم نوازشریف،چوہدری نثار، گورنرعشرت العباد اور وزیراعلیٰ سندھ سید قائم شاہ سے مطالبہ کیاکہ کراچی میں ایم کیوایم کے کارکنان اورہمدردوں کے ماورائے عدالت قتل اورانسانیت سوزتشددکانوٹس لیاجائے ،لاپتہ کارکنان کوبازیاب کروایاجائے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں