پی ایس ایل میں 25 فیصد شائقین کو بھی اسٹیڈیم نہ لایا جاسکا

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اورملتان سلطانز کے مقابلے میں صرف1500افراد ہی آئے


Zubair Nazeer Khan February 01, 2022
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اورملتان سلطانز کے مقابلے میں صرف1500افراد ہی آئے ۔ فوٹو : فائل

SHENZHEN, CHINA: ایچ بی ایل پی ایس ایل 7 میں 25 فیصد شائقین کو بھی اسٹیڈیم نہ لایا جا سکا۔

گزشتہ روز منعقدہ میچ میں تماشائیوں کی تعداد بہت کم رہی، ایک اندازے کے مطابق کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور دفاعی چیمپئن ملتان سلطانز کے مقابلے میں صرف1500 کے لگ بھگ تماشائی اسٹیڈیم میں موجود رہے، بیشتر انکلوژرز خالی نظر آئے۔

میڈیا گیلری کی رونق بحال ہوئیں تاہم کوئی اہم شخصیت نظرنہیں آئی، سب سے زیادہ رش وسیم باری انکلوژر میں دیکھنے میں آیا، دوران میچ شائقین کرکٹ وقفے وقفے سے اپنے موبائل ٹارچ روشن کرکے جوش کا اظہار کرتے رہے، کبھی کبھار باجے کی آوازیں بھی آتی رہیں، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی بیٹنگ کے دوران تیسرے اوور میں بولر ویلی کی شکایت پر امپائرز نے گیند کا معائنہ کرکے اسے تبدیل کیا۔

ملتان سلطانز کے خوشدل شاہ نے اپنی ہی گیند پرول اسمیڈ کا شاندار کیچ تھاما جس پر تماشائیوں نے بھرپور تالیوں سے ستائش کی، سابق ٹیسٹ کپتان سرفراز احمد بیٹنگ کرنے آئے تو آواز آئی سرفراز مایوس نہیں کرنا، کمنٹیٹرز کا بائیو ببل محض دکھاوا ہی لگا، وہ حسب معمول میڈیا سینٹرکا باتھ روم استعمال کرتے رہے۔

تماشائیوں کا رش نہ ہونے کی وجہ سے سیکیورٹی اہلکاروں نے بھی قدرے اطمینان کا سانس لیا اور آرام کرتے بھی نظر آئے، چاچا کرکٹ اور ماموں کرکٹ حسب معمول لوگوں کی توجہ کا مرکز رہے۔

گزشتہ روز اپنے منفرد رقص کی ویڈیو وائرل ہونے سے مقبول ہونے والے میرپور خاص کے نوجوان واصف غفورکو میڈیا اور تماشائی تلاش کرتے رہے لیکن وہ اسٹیڈیم میں دکھائی نہیں دیے، جاوید میانداد انکلوژر میں 2 تماشائیوں کی طبیعت خراب ہوئی تووہاں تعینات محکمہ صحت کی ڈاکٹر آفرین کمال نے میڈیکل اسٹاف کی مدد سے انھیں فوری طبی امداد فراہم کی، تماشائیوں نے تالیاں بجاکراظہار تشکرکیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں