سندھ حکومت بااختیار بلدیاتی ادارے قائم کرنے کی پابند ہے سپریم کورٹ کا فیصلہ

بلدیاتی حکومت کے تحت آنے والا کوئی نیا منصوبہ صوبائی حکومت شروع نہیں کرسکتی، سپریم کورٹ کا متحدہ کی درخواست پر فیصلہ


ویب ڈیسک February 01, 2022
بلدیاتی حکومت کے تحت آنے والا کوئی نیا منصوبہ صوبائی حکومت شروع نہیں کرسکتی، سپریم کورٹ کا متحدہ کی درخواست پر فیصلہ (فوٹو : فائل)

لاہور: سپریم کورٹ نے سندھ میں بلدیاتی قوانین کی شق 74 اور 75 کو کالعدم قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ بااختیار بلدیاتی ادارے قائم کیے جائیں سندھ حکومت اس کے لیے پابند ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق چیف جسٹس سپریم کورٹ جسٹس گلزار احمد نے سندھ میں بلدیاتی قانون سے متعلق ایم کیو ایم کی درخواست کی سماعت کی۔ سپریم کورٹ نے سندھ لوکل گورنمنٹ ایکٹ کی شق 74 اور 75 کو کالعدم قرار دے دیا اور کہا ہے کہ سندھ حکومت بااختیار بلدیاتی ادارے قائم کرنے کی پابند ہے۔

سپریم کورٹ نے کہا کہ بلدیاتی حکومت کے تحت آنے والا کوئی نیا منصوبہ صوبائی حکومت شروع نہیں کرسکتی، آئین کے تحت بلدیاتی حکومت کو مالی، انتظامی اور سیاسی اختیارات یقینی بنائے جائیں۔

سپریم کورٹ نے قرار دیا کہ سندھ حکومت مقامی حکومتوں کے ساتھ اچھا ورکنگ ریلیشن رکھنے کی پابند ہے، آئین کے تحت بلدیاتی حکومت کو مالی، انتظامی اور سیاسی اختیارات یقینی بنائے جائیں، سندھ حکومت تمام قوانین کی آرٹیکل 140 اے سے ہم آہنگی یقینی بنائے۔

اپنے فیصلے میں سپریم کورٹ نے سندھ کے دیگر بلدیاتی اداروں کراچی ڈیولپمنٹ اتھارٹی، ایس بی سی اے، ایم ڈی اے، ایل ڈی اے، واٹر بورڈ کراچی، حیدر آباد ڈیولپمنٹ اتھارٹی، سیہون ڈیولپمنٹ اتھارٹی اور لاڑکانہ ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے قوانین میں بھی تبدیلیاں لانے کا حکم دیا ہے۔

فیصلے پر عملدرآمد کیلیے متحدہ کی سندھ ہائیکورٹ میں درخواست

ایم کیو ایم کے رہنما کنور نوید جمیل اور دیگر نے سپریم کورٹ کے فیصلے پر عمل درآمد کے لیے سندھ ہائی کورٹ میں درخواست دائر کردی۔

دائر درخواست میں موقف اپنایا گیا ہے کہ اعلی عدلیہ کے حکم کے مطابق مقامی حکومتوں کو بااختیار بنایا جائے، سپریم کورٹ کے فیصلے کے مطابق لوکل گورنمنٹ ایکٹ میں ترمیم کی جائے، ایل ڈی اے، کے ڈی اے اور ایم ڈی اے سمیت دیگر اداروں کو اختیارات دیئے جائیں، لوکل گورنمنٹ ایکٹ کی دفعات 74 اور 75 کے خاتمے کے حکم پر عمل درآمد کیا جائے۔

درخوست دائر کرنے کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے کنور نوید جمیل نے کہا کہ سندھ لوکل گورنمنٹ ایکٹ کی ترامیم کو چیلنج کرنے آئے تھے، خوش قسمتی سے سپریم کورٹ کا فیصلہ آج آگیا ہے، سپریم کورٹ کے فیصلے پر پریس کانفرنس میں تفصیل سے بات کریں گے، سندھ ہائی کورٹ میں بھی درخواست میں یہی موقف ہے کہ عدالتی فیصلہ پر عمل درآمد کیا جائے۔

سندھ کا بلدیاتی قانون آج کالا ثابت ہوگیا، عامر خان

دریں اثنا ایم کیو ایم کے رہنماؤں عامر خان، فیصل سبزواری، وسیم اختر اور دیگر نے مزار قائد پر حاضری دی۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سینئر ڈپٹی کنوینرعامر خان نے کہا کہ سندھ کا بلدیاتی قانون آج کالا ثابت ہوگیا، آج فیصلہ بھی ایم کیو ایم کی پٹیشن پر ہوا ہے، سندھ کے تمام شہروں کو آج حقوق مل گئے۔

عامر خان نے مزید کہا کہ ریویو پٹیشن کی باتیں کرنا سندھ حکومت کے وڈیرہ شاہی ہونے کی مثال ہے، سندھ کے عوام ان وڈیروں کے غلام در غلام ہیں، سندھ کے لوگ ان وڈیروں کے خلاف علم بغاوت بلند کریں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔