نوازشریف کی سیاست نسلہ ٹاور اور پیپلزپارٹی کی تجوری ہائٹس کی طرح گرے گی وزیرداخلہ

تمام گندے انڈے ایک ساتھ اسلام آباد آئیں انہیں ٹھوکر مار کر گرا دیں گے، شیخ رشید


ویب ڈیسک February 05, 2022
تمام گندے انڈے ایک ساتھ اسلام آباد آئیں انہیں ٹھوکر مار کر گرا دیں گے، شیخ رشید. فوٹو:فائل

RAWALPINDI: وزیرداخلہ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ نواز شریف کی سیاست نسلہ ٹاور کی طرح اور پیپلزپارٹی کی سیاست تجوری ہائٹس کی طرح گرے گی۔

لال حویلی میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے وزیر داخلہ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ لال حویلی جاگیردارانہ نظام کا خاتمہ چاہتی ہے، اس ملک کا نظام صرف غریب کو سزا دیتا ہے بڑا آدمی شہباز شریف جیسا ہو تو اس کی 16 دن میں ضمانت ہوجاتی ہے، ملک میں مسائل ضرور ہیں لیکن عمران خان معاملات حل کریں گے، وہ مہنگائی بجلی گیس کے مسائل حل کررہے ہیں اس لئے ہم ان کے ساتھ ہیں، ا ن کے ساتھ وزارت کی وجہ سے نہیں ایمانداری کی وجہ سے ہیں، پاکستان میں مہنگائی ملکی دولت لوٹنے والوں کی کرپشن کی وجہ سے ہوئی، آج شہباز شریف اور آصف زرداری ایک ساتھ لنچ کررہے ہیں، نواز شریف کی سیاست نسلہ ٹاور کی طرح اور پیپلزپارٹی کی سیاست تجوری ہائٹس کی طرح گرے گی۔

شیخ رشید کا کہنا تھا کہ عمران کی خوش قسمتی ہے اسے نالائق سیاسی سوچ سے آری اہوزیشن ملی، یہ تمام گندے انڈے ایک ساتھ اسلام آباد آئیں یا ایک ایک کر کے ڈی چوک یا ای چوک آئیں، سب کو ٹھوکر مار کر گرا دیں گے، آپ کے سیاست کے خاتمے کے دن ہیں، انہیں مکمل ناکامی ملے گی اور عمران سرخرو ہوگا، اس حکومت کا وزیر داخلہ ختم نبوت کا سپاہی ہے، میں جعلی میڈیکل سرٹیفکیٹ لے کر ملک سے بھاگنے والا نہیں، میں اڈیالہ جیل میں جانے کو اور پھانسی چڑھنے کو ترجیح دوں گا لیکن ملک سے فرار نہیں ہوں گا، جس نے مجھ سے زیادہ جیل کاٹی مجھے بتائے، 4 ماہ سے ایک ہی نعرہ ہے ، وہ آرہاہے وہ جارہا ہے، جس نے آنا ہے آئے ورنہ دفع ہوجائے اور نہیں آتا تو نہ آئے، جیل کاٹنا مشکل اب نہیں رہا، اب تو ووہاں بھی وسائل ہیں، اب جیل میں اے سی موبائل ہیں۔

وزیرداخلہ نے کہا کہ پاکستان کشمیر بغیر نامکمل ہے ہم کشمیر کی آزادی چاہتے ہیں، صرف کشمیر کا مسلمان پاکستان کی طرف نہیں دیکھ رہا بلکہ بھارتی مسلمان بھی دیکھ رہا ہے، بھارت میں مسلمانوں پر کیا گزررہی ہے، مسلمان بھارت میں قتل و غارت کا شکار ہے بی جے پی نے کسی مسلم کو ٹکٹ نہیں ملتا، ہماری ہمدردیاں مسلمانوں کے ساتھ ہیں،آج پاکستان 65 اور 70 والا ملک نہیں رہا، بھارت کا شوق ہے تو وہ فوج لائے، ہم نے پھلجڑیاں دیوالی اور شب برات کے لئے نہیں رکھیں، پاکستان پر حملہ کرنے والوں کو نیست نابود کر دیں گے، بھارتی میڈیا صرف عمران خان اور مجھ پر تنقید کرتا ہے، پاک فوج کے ساتھ مل کر جام شہادت ک خواہشمند ہوں، ملک کو نقصان پہنچانے والی طاقتوں کو فوج شکست دے رہی ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ افغان طالبان کے ساتھ پاکستان کے ساتھ اچھے تعلقات ہیں، افغان طالبان کی کامیابی پاکستان کی کامیابی ہے، 20 سال طالبان نے جنگ لڑ کر خود کو آزاد کرایا، ٹی ٹی پی سے مزاکرات میں طالبان بھی ہیں ابھی اس پر کچھ کہنا نہیں چاہتا۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں