تین ہزار لیموں پر مشتمل دنیا کی سب سے بڑی ’پھل بیٹری‘ کا ریکارڈ قائم

رائل اسکول آف کیمسٹری کے طلباوطالبات نے لیموؤں کو جوڑ کر مجموعی طور پر 2307 وولٹ بجلی پیدا کی ہے


ویب ڈیسک February 07, 2022
برطانیہ میں طلبا و طالبات نے تین ہزار لیمو کو جوڑ کر 2307 وولٹ بجلی پیدا کی ہے۔ فوٹو: بشکریہ گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ

ISLAMABAD: ہم بچپن سے ہی آلو اور لیموں سے چھوٹے بلب جلانے کے تجربات کرتے رہے ہیں۔ اب برطانیہ میں طلبا وطالبات نے 2923 لیموؤں کو جوڑ کر 2307 وولٹ بجلی بنائی ہے جو ایک عالمی ریکارڈ ہے۔ اس کی باقاعدہ تصیق چار فروری 2022 کو گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ کی ویب سائٹ پر کی گئی ہے۔

اس کا مظاہرہ 15 اکتوبر 2021 کو کیا گیا تھا۔ رائل سوسائٹی آف کیمسٹری (ٓآرسی ایس) کے تحت یہ کارنامہ انجام دیا گیا ہے۔ آر سی ایس ایک بین الاقوامی تنظیم ہے جس سے دنیا بھر کے ہزاروں سائنسداں اور ماہر منسلک ہیں اور وہ باہم مل کر سائنسی سرگرمیوں میں حصہ لیتے ہیں۔

توانائی کے دیگر طریقوں اور کاربن سے پاک دنیا کے موضوع کے تحت مانچسٹر میں اس کا مظاہرہ کیا گیا تھا۔ اس پورے عمل میں بیٹریوں کے ماہر پروفیسر سیف الاسلام اور فرین اسکاٹ نے اس پورے عمل کی نگرانی کی۔ بڑے لیمو کو درمیان سے کاٹ کر انہیں جست اور تانبے کے تاروں سے جوڑا گیا تھا اور سلسلہ وار سرکٹ بنایا گیا تھا۔ اس طرح دنیا کی طاقتور ترین پھل بیٹری وجود میں آئی جس سے 2307 وولٹ بجلی بنائی گئی۔

اس میں لیموں کا جوس الیکٹرولائٹ کے طور پر کام کرتا ہے جبکہ جست اور تانبے کے تار برقی رو آگے لے کر جاتے ہیں۔ اس کے لیے ہزاروں لیموؤں کو کئی شیلف میں رکھا گیا تھا اور جگہ جگہ اسے وولٹ میٹر سے جوڑ کر اس کی توانائی کی تصدیق کی گئی تھی۔ تین ہزارلیموں سے کل 2307 وولٹ بجلی بنائی گئی جبکہ اس سے قبل کا ریکارڈ 1521 وولٹ تھا۔

تجربے کے بعد بچے ہوئے لیموؤں کو ایک برطانوی کمپنی کو دیا گیا ہے جو پھلوں اور سبزیوں سے بجلی بناتی ہے جبکہ لیموں کے رس سے بایوفرٹیلائزر بنایا جائے گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں