خوبصورتی اور بیماریوں سے بچانے والے قدرتی نظام میں پراسرار تعلق دریافت

کیا امیون سسٹم سے حسن جنم لیتا ہے؟ یا خوبصورتی کی وجہ سے امیون سسٹم مضبوط ہوتا ہے؟


ویب ڈیسک February 19, 2022
امیون سسٹم سے حسن جنم لیتا ہے یا خوبصورتی کی وجہ سے امیون سسٹم بہتر ہوتا ہے، ہم نہیں جانتے۔ (فوٹو: انٹرنیٹ)

ISLAMABAD: امریکی سائنسدانوں نے دریافت کیا ہے کہ ظاہری طور پر خوبصورت اور پرکشش نظر آنے والے لوگوں میں بیماریوں سے بچانے والا قدرتی نظام (امیون سسٹم) بھی مضبوط ہوتا ہے۔

ٹیکساس کرسچن یونیورسٹی میں 159 رضاکار طالب علموں کی مدد سے کی گئی اس تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ جن چہروں کو لوگوں کی اکثریت نے 'خوبصورت' اور 'پرکشش' قرار دیا تھا، اُن رضاکاروں کا امنیاتی نظام (امیون سسٹم) بھی زیادہ بہتر تھا۔

ایسے خوبصورت افراد کا امیون سسٹم خاص طور پر جرثوموں (بیکٹیریا) کے خلاف زیادہ مضبوط دیکھا گیا۔

یہ تحقیق ''پروسیڈنگز آف دی رائل سوسائٹی بی، بایولاجیکل سائنسز'' کے تازہ شمارے میں آن لائن شائع ہوئی ہے۔

''اس تحقیق سے خوبصورت چہروں اور مضبوط امیون سسٹم کے مابین واضح تعلق سامنے آیا ہے،'' مقالے کی مرکزی مصنفہ اور ٹیکساس کرسچن یونیورسٹی میں پی ایچ ڈی اسکالر، سمر مینجل کوخ نے کہا۔

''لیکن ایسا کیوں ہوتا ہے؟ کیا امیون سسٹم سے خوبصورتی جنم لیتی ہے یا خوبصورتی کی وجہ سے امیون سسٹم بہتر ہوتا ہے؟ کہیں ایسا تو نہیں کہ کوئی اور چیز ہو جو خوبصورتی بڑھانے کے ساتھ ساتھ امیون سسٹم بھی مضبوط بنا رہی ہو؟ فی الحال اس بارے میں ہم کچھ بھی نہیں جانتے،'' انہوں نے بتایا۔

یہ جاننا کوئی آسان کام ہر گز نہ ہوگا کیونکہ اس کےلیے نئی تحقیق کی ضرورت ہوگی جو زیادہ جامع اور مفصل ہو۔ ایسی کسی بھی تحقیق میں بہت زیادہ وقت لگے گا کیونکہ اس میں حسن اور امنیاتی نظام کی مضبوطی میں تعلق کو مختلف پہلوؤں سے کھنگالنا ہوگا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں