کراچی میں اسٹریٹ کرائم کی وجہ منشیات اور بے روزگاری ہے پولیس چیف
اطہر متین کے قاتلوں کی گرفتاری کے لیے پولیس پوری کوشش کرے گی، غلام نبی میمن
MIRPUR:
کراچی پولیس کے سربراہ غلام نبی میمن نے بے روزگاری کے بعد بڑھتے ہوئے اسٹریٹ کرائمز کی وجہ منشیات کو قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پولیس نے ہمشہ چیلنج قبول کیا ہے، اطہر متین کے قاتلوں کی گرفتاری کے لیے پولیس پوری کوشش کرے گی۔
سندھ ہائی کورٹ میں چیف جسٹس احمد علی شیخ سے ایڈیشنل پولیس چیف کراچی غلام نبی میمن نے ملاقات کی۔ ملاقات کے بعد میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے غلام نبی میمن نے کہا کہ صحافی اطہر متین کی ہلاکت پر افسوس ہوا ، اطہر متین کے قاتلوں کی گرفتاری کے لیے اپنی پوری کوشش کریں گے۔
ایڈیشنل آئی جی نے کہا کہ اسٹریٹ کرائمز کے حوالے سے ہماری پالیسی واضح ہے، پولیس کو اپنی بہترین کوشش کرنی چاہیے، اچھے کیس بنانے چاہیں، اسٹریٹ کریمنلز کا پرانا ریکارڈ چیک کرنا چاہیے اور ان کی شناخت کرنی چاہیے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایسی بستیاں جہاں یہ اسٹریٹ کریمنلز رہتے ہیں وہاں انٹیلی جنس بنیادوں پر کارروائیاں کرنی چاہیں، اسٹریٹ کرائمز کی ایک وجہ بڑھتی ہوئی بے روزگاری بھی ہے۔