جنوری میں بجلی کی پیداوار 9فیصد بڑھ گئی حماد اظہر

رواں مالی سال کے دوران معاشی ترقی کی شرح 5 فیصد سے زائد رہے گی، ٹویٹ


Salman Siddiqui February 20, 2022
صحت مندانہ معاشی و صنعتی سرگرمیاں بجلی کی پیداوار میں اضافے کی وجہ بنیں، ماہرین۔ فوٹو: فائل

کراچی: وفاقی وزیر توانائی حماد اظہر کا کہنا ہے کہ جنوری 2022ء میں ملک میں بجلی کی پیداوار میں 9 فیصد اضافہ ہوا جو اس بات کا اشارہ ہے کہ رواں مالی سال میں معاشی ترقی کی شرح 5 فیصد سے زائد رہے گی۔

وفاقی وزیر نے اپنے ٹوئٹر ہینڈل پر کہا کہ بجلی کی پیداوار معاشی سرگرمیوں کی رفتار ناپنے کا پیمانہ ہے۔ تیزرفتار معاشی سرگرمیوں کی وجہ سے ہر سال روزگار کے ہزاروں مواقع پیدا ہورہے ہیں جس سے آمدنی کی سطح بھی بڑھ رہی ہے۔

اس تناظر میں ایکسپریس ٹریبیون سے گفتگو کرتے ہوئے پاک کویت انویسٹمنٹ کمپنی کے ریسرچ ہیڈ سمیع اﷲ طارق نے کہا کہ بجلی اور صنعتی پیداوار میں اضافے کے پیش نظر اندازہ کہا جاسکتا ہے کہ مالی سال 2021-22ء میں معاشی ترقی کی شرح 5 تا 6 فیصد کے درمیان رہے گی۔

وفاقی وزیر خزانہ شوکت ترین اور اسیٹ بینک کے گورنر ڈاکٹر رضاباقر نے رواں مالی سال کے لیے معاشی ترقی کی شرح پر نظرثانی کرتے ہوئے 4.5 فیصد کے لگ بھگ رہنے کی توقع ظاہر کی تھی۔

اسماعیل اقبال سیکیورٹیز کے تجزیہ کار عبداﷲ عمر کہتے ہیں کہ صحت مندانہ معاشی و صنعتی سرگرمیاں اور انڈسٹریل سپورٹ پیکیج بجلی کی پیداوار میں اضافے کی وجہ بنا ہے۔

عبداﷲ عمر کے مطابق یہ پیکیج فروری کے اختتام تک ناٖفذ ہے، جس کے تحت صنعتیں اضافی بجلی استعمال کرسکتی ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں