سری لنکن نیوی کے سربراہ کی وزیراعظم اور آرمی چیف سے ملاقاتیں

سری لنکن قیادت کے دورہ پاکستان کے منتظر ہیں، وزیراعظم عمران خان


ویب ڈیسک February 22, 2022
تمام علاقائی ممالک کو پائیدار امن اور استحکام کے لیے مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے، جنرل باجوہ )فوٹو آئی ایس پی آر)

PESHAWAR: سری لنکا کی بحریہ کے سربراہ وائس ایڈمرل نشانتھا اولوگیٹن نے وزیراعظم عمران خان اور چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقاتیں کیں جس میں دو طرفہ تعاون اور تعلقات کو بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔

وزیراعظم ہاؤس کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق وزیراعظم عمران خان سے سری لنکن بحریہ کے کمانڈر کی ملاقات ہوئی، جس میں دونوں ممالک کے درمیان مضبوط برادرانہ دو طرفہ تعلقات کے فروغ کا اعادہ کیا گیا۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان سری لنکا تعلقات میں سیکیورٹی اور دفاعی تعاون کلیدی جزو ہے، سری لنکن قیادت کے دورہ پاکستان کے منتظر ہیں۔ سری لنکن کمانڈر نے بین الاقوامی اور علاقائی فورمز پر پاکستان کی حمایت کا شکریہ ادا کیا۔

اعلامیے کے مطابق دونوں ممالک نے مشترکہ اہداف کے فروغ کے لیے مل کر کام کرنے کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔

قبل ازیں سری لنکن نیول کمانڈرنے جی ایچ کیو میں چیف آف آرمی اسٹاف ہوائی، جس میں باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سلامتی اور افغانستان کی موجودہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق سری لنکن کمانڈر نے افغان صورتحال ، بارڈر مینجمنٹ اور علاقائی استحکام میں پاکستان کے کردار کو سراہا اور دفاع، تربیت اور انسداد دہشت گردی کے شعبوں میں فوجی تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق سری لنکن نیول کمانڈرنے پاکستان کی مسلح افواج کی پیشہ وارانہ مہارت کی تعریف کی۔

اس موقع پر چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ تمام علاقائی ممالک کو پائیدار امن اور استحکام کے لیے مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے، پاکستان مشترکہ مفادات کی بنیاد پر سری لنکا کے ساتھ طویل مدتی کثیرجہتی تعلقات کو بڑھانا چاہتا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں