مسلم لیگ ق نے تحریک عدم اعتماد میں اپوزیشن کی حمایت کی تردید کی ہے حسان خاور

چوہدری برادران وضع دار سیاست دان اور مہمان نواز ہیں، حسان خاور


February 26, 2022
مسلم لیگ ن نے ماضی میں چوہدری برادران کی پیٹ میں خنجر گھوپا ہے، ترجمان پنجاب حکومت (فوٹو فائل)

پنجاب حکومت کے ترجمان حسان خاور نے کہا ہے کہ مونس الہیٰ اور مسلم لیگ ق کے لوگوں نے تحریک عدم اعتماد میں اپوزیشن کی حمایت کرنے کی تردید کی ہے۔

لاہور میں جشن بہاراں میلے کی مناسبت سے ترجمان پنجاب حکومت نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چوہدری برادران وضع دار سیاست دان اور مہمان نواز ہیں وہ بہت سوچ سمجھ کر فیصلہ کریں گے، مونس الہیٰ اور ق لیگ کے باقی لوگوں کی جانب سے بھی تحریک عدم اعتماد میں اپوزیشن سے تعاون کی تردید کی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ 1997 میں اس ڈیل کے ساتھ الیکشن ہوا کہ چوہدری پرویز الہی کو وزیر اعلیٰ پنجاب بنایا جائے گا، جب وہ کامیاب ہوئے تو پھر ن لیگ نے چوہدری برداران کی پیٹھ میں چھرا گھونپا اور اقتدار حاصل کیا۔

حسان خاور کا کہنا تھا کہ تحریک عدم اعتماد شور کے علاوہ کچھ بھی نہیں ہے، موسمی لوگ عمران خان کی دشمنی میں ایک اور اکٹھے ہوئے ہیں کیونکہ احتساب کا شکنجہ سخت ہوچکا ہے۔

پنجاب حکومت کے ترجمان کا کہنا تھا کہ شریف اور زرداری (دونوں) خاندان صرف اقتدار چاہتے ہیں، ان کا اس پر بھی اتفاق نہیں ہے کہ اگر یہ تحریک عدم اعتماد خام خیالی میں کامیاب ہو بھی جائے تو ان کے پاس اگلا لائحہ عمل کوئی نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کے اقدامات کی وجہ سے پاکستان کورونا کی زد سے باہر آچکا جبکہ پی ایس ایل سے لاہور کی رونقیں لوٹ آئی ہیں، وزیر اعظم اور وزیر اعلیٰ کے ویژن کو آگے لیکر چلتے ہوئے لاہور کی رونقیں بحال کر رہے ہیں۔

حسان خاور کا کہنا تھا کہ ہر سال کی طرح اس سال بھی پہلے سے زیادہ جوش و خروش سے جشن بہاراں منایا جارہا ہے، مارچ کے پہلے ہفتے سے بڑی سڑکوں کو روشنیوں سے سجایا جائے گا، سرکاری خرچ کے بجائے پرائیویٹ سیکٹر کے تعاون سے جشن بہاراں میلہ منائیں گے، یکم مارچ سے جشن بہاراں شروع کرنا تھا، اس لیے دو تین دن تاخیر سے جشن بہاراں شروع ہوگا۔

انہوں نے بتایا کہ جشن بہاراں میلے میں تمام صوبوں کی ثقافت کی عکاسی کی جائے گی، میلے میں شرکت کے لیے کسی قسم کا ٹکٹ نہیں رکھا جائے گا، ہاٹ ایئر بیلون رائیڈ کا جیلانی پارک میں اہتمام کریں گے جبکہ آرٹس اینڈ کرافٹ فیسٹیول، ایرومینا شو کا بھی جشن بہاراں میلے میں اہتمام کیا جائے گا۔

حسان خاور نے اعلان کیا کہ جشن بہاراں میلے میں پانچ مارچ کو داستان گوئی کی محفل کا انعقاد کیا جائے گا، چھ مارچ کو برڈ شو، انٹرنیشنل ویمن ڈے، 13 مارچ کو کبڈی ٹاکرا، 15 مارچ کو گریٹر اقبال کو فن پاروں کی نمائش کی جائے گی، کٹ فلاور شو، 18 مارچ کو میورل پینٹنگ شو کا انعقاد ہوگا جبکہ 19 مارچ کو باغ جناح میں صوفی نائٹ کا اہتمام کیا جائے گا اور 23 مارچ کو نیشنل ڈے کے حوالے سے گریٹر اقبال پارک میں شو کا انعقاد کیا جائے گا اسی طرح 27 مارچ کو باغ جناح سے جیلانی پارک میں سائیکل تھون کا اہتمام کیا جائے گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں