حکومت سنجیدگی دکھائے تو ہم ساتھ ہیں کنونیئر ایم کیو ایم
اپوزیشن کے پاس ایعدم اعتماد کے بعد عوام کو ریلیف فراہم کرنے کا کوئی پلان نہیں ہے، خالد مقبول صدیقی
ISLAMABAD:
متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے کنونیئر نے واضح کیا ہے کہ حکومت کا ساتھ دینے یا نہ دینے کا تعلق پیٹرولیم مصنوعات سے نہیں بلکہ اصول سے ہے، حکومت سنجیدگی دکھائے تو ہم ساتھ چلیں گے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق کراچی پریس کلب میں کتاب کی تقریبِ رونمائی کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ایم کیو ایم پاکستان کے کنوینر خالد مقبول صدیقی کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم عمران خان کا ہمارے مرکزی دفتر آنے کا وقت ہوچکا ہے اب دیکھتے وہ ہمارے پاس کب آتے ہیں، ہمیں اس بات کا اندازہ نہیں کہ اُن پر کس چیز کا دباؤ ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمارا حکومت کا ساتھ دینا یا نہ دینا اصولوں کی بنیاد پر ہے اس سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا کوئی تعلق نہیں ہے۔
خالد مقبول صدیقی کا کہنا تھاکہ پاکستان کی معاشی اسپیس ختم ہوچکی ہے، لیاقت آباد پورے لاہور سے زیادہ ٹیکس دے رہا ہے وڈیرے جاگیردار ٹیکس نہیں دیتے اس طرح ملکی حالات نہیں چلے گے بلکہ خراب ہی ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ عدم اعتماد کے حوالے سے اپوزیشن کی صف آرائی سامنے ہے، انہیں نمبر اور اصول کا مسئلہ ہے، حکومت سنجیدگی دکھائے تو ہم ساتھ ہیں کیونکہ اپوزیشن کے پاس عدم اعتماد کے بعد عوام کو ریلیف فراہم کرنے کا فی الحال کوئی پلان نہیں ہے۔