سینئر اداکار مسعود اختر انتقال کرگئے

مسعود اختر پھیپھڑوں کے کینسر کے مرض میں مبتلا تھے، خاندانی ذرائع


ویب ڈیسک March 05, 2022
اداکار مسعود اخترکو2005ميں تمغہ حسن کارکرگی سے بھی نوازہ گياتھا فوٹوفائل

لاہور: پاکستان کے معروف اور سینئر اداکار مسعود اختر انتقال کرگئے۔

مسعود اختر کے خاندانی ذرائع نے اداکار کے انتقال کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا مسعود اختر آج صبح نجی اسپتال میں انتقال کر گئے، مسعود اختر پھیپھڑوں کے کینسر کے مرض میں مبتلا تھے، انھیں اپنے جوان بیٹے کی اچانک موت کے باعث پہلے ہارٹ اٹیک ہوا تھا۔

اداکار مسعود اختر گزشتہ دو ماہ سے اسپتال میں زیر علاج تھے ان کی نماز جنازہ آج چار بجے عثمان پارک گلشن راوی ادا کی جائے گی۔

مسعود اختر کو 28 جنوری کو ناسازی طبیعت کے باعث سرگنگا رام اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا جہاں وہ زیر علاج تھے۔ اداکار کی اہلیہ نے اپنے شوہر کی حالت کے بارے میں بتاتے ہوئے کہا تھا کہ مسعوداختر بہت بیمارہیں اور انہوں نے کھاناپینا بھی چھوڑ دیا ہے۔ وہ نہ چل پارہے ہیں اور نہ کوئی بات کررہے ہیں۔ مسعود اختر کی اہلیہ نے ان کی صحت یابی کےلئے دعاکی اپیل بھی کی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: سینئر اداکارمسعود اخترکی طبیعت ناساز، اسپتال میں داخل

مسعود اختر 5 ستمبر 1940ء کو ساہیوال میں پیدا ہوئے تھے۔ 1960ء کی دہائی میں انہوں نے فنکارانہ زندگی کا آغاز کیا اور جلد ہی اسٹیج کے مشہور اداکاروں میں شمار ہونے لگے۔

ان کے فن کو نکھارنے میں نذیر ضیغم نے بڑا نمایاں کردار ادا کیا۔ مسعود اختر نے ٹیلی وژن کے متعدد ڈراموں میں بھی کام کیا، چند فلمیں بھی ان کے کریڈٹ پر ہیں۔ اداکارمسعود اختر کو فنی خدمات پر حکومت پاکستان کی جانب سے 14 اگست 2005ء کو صدارتی تمغہ حسن کارکردگی سے نوازا گیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں