یوکرین جنگ پوٹن کا عالمی کمپنیوں کے اثاثے منجمد کرنے پر غور
ایسی کمپنیوں کے املاک کے حقوق کو بھی محدود کیا جا سکتا ہے، روس
روسی صدر ولادیمیر پوتن نے ملک میں غیر ملکی کمپنیوں کی جانب سے اپنے آپریشنز معطل کرنے کیخلاف سخت کارروائی کرنے کا عندیہ دے دیا ہے۔
عالمی میڈیا کے مطابق روس کے یوکرین میں فوجی آپریشن شروع کرنے کے بعد بہت سی بین الاقوامی کمپنیوں نے روسی مارکیٹ سے بےدخل ہونا شروع کر دیا ہے۔
روس میں تین درجن سے زائد بین الاقوامی کمپنیوں نے ملک میں اپنے آپریشنز کو کم کرنے یا معطل کرنے کا اعلان کیا ہے جن میں فضائی اور آٹو مینوفیکچررز، ٹیک اور توانائی کمپنیاں شامل ہیں۔
روسی ایوان بالا کی آئینی قانون سازی کی کمیٹی کے چیئرمین آندرے کلیشاس نے سرکاری میڈیا اسپوتنک کو بتایا کہ روس میں اپنی خدمات معطل یا ختم کرنے والی غیر ملکی کمپنیوں کے اثاثے منجمد کیے جا سکتے ہیں، اور املاک کے حقوق کو محدود کیا جا سکتا ہے۔
اس صورت حال پر تبصرہ کرتے ہوئے روسی صدر کا کہنا تھا کہ ان کے اثاثوں کو کنٹرول کرنے کیلئے انتظام متعارف کرایا جانا چاہیے اور ایسا کرنے کے لیے کافی قانونی طریقہ کار موجود ہیں۔
واضح رہے کہ 24 فروری کو ماسکو کے خصوصی فوجی آپریشن کے آغاز کے بعد سے تقریباً 310 غیر ملکی کمپنیوں نے روس میں اپنی کارروائیاں معطل، ختم یا محدود کر دی ہیں۔