وزیر اعظم گھبرائے ہوئے نہیں ہیں لیکن اب کیا ہوگا یہ نہیں معلوم فروغ نسیم

خالد مقبول صدیقی اور رابطہ کمیٹی کا استحقاق ہے کہ وہ تحریک عدم اعتماد پر کیا فیصلہ کرتے ہیں، وفاقی وزیر قانون


ویب ڈیسک March 12, 2022
انہوں نے کہا کہ میں ایم کیو ایم کے ٹکٹ پر سینیٹر بنا ہوں اور پارٹی قوانین اور فیصلوں کا پاپند ہوں—فائل فوٹو

وفاقی وزیر قانون ڈاکٹر فروغ نسیم نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان گھبرائے ہوئے نہیں ہیں لیکن اب آگے کیا ہونے جارہا ہے یہ معلوم نہیں ہے۔

کراچی میں فیڈرل سروس ٹربیونل کے چیرمین قاضی خالد کے ہمراہ ٹریبونل کی نئی عمارت کی تعمیر کا سنگ بنیاد رکھنے کے موقع پرصحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم-پاکستان کے کنوینر خالد مقبول صدیقی اور رابطہ کمیٹی کا استحقاق ہے کہ وہ وزیراعظم کے خلاف تحریک عدم اعتماد پر کیا فیصلہ کرتے ہیں۔

انہوں نے خالد مقبول صدیقی کو مخاطب کرکے کہا کہ میرا مشورہ ہے کہ اب اگر کوئی معاہدہ ہو تو عدالت سے ڈگری کرا لیجئے گا تاکہ اس بار آپ سے دھوکہ نہ ہو۔

ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم بلکل بھی گھبرائے ہوئے نہیں ہیں، میں ایم کیو ایم کے ٹکٹ پر سینیٹر بنا ہوں اور پارٹی قوانین اور فیصلوں کا پاپند ہوں، جو پارٹی کا جو بھی فیصلہ ہوگا اس کے تابع رہوں گا۔

انہوں نے کہا کہ تحریک عدم اعتماد کا ووٹ اسمبلی میں ہونا ہے، میرا ووٹ ہے نہیں میں سینیٹر ہوں، ایم کیو ایم ملکی استحکام کے ساتھ کھڑی ہے، کسی آئین میں یہ نہیں ہے کہ کوئی اتحادی جماعت کسی دوسری اپوزیشن پارٹی سے نہیں مل سکتی ہے۔

علاوہ ازیں فروغ نسیم نے کہا کہ بھارت نے سازش کرکے بلوچستان کے ڈیرھ سو وکلا کو بھارتی خفیہ ایجنسی 'را' کے ہاتھوں شہید کروایا وکیل اورجج ایک دن میں نہیں بنتے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔