گرین کیپس کی منفی سوچ پر سابق کرکٹرز ناخوش

پاکستان نے ہار کے خوف سے اپنے کرکٹرز کی صلاحیتیں سلب کردیں، مارک ٹیلر


Sports Reporter March 15, 2022
جب ڈر کر کھیلیں گے تو یہی ہوگا (شعیب اختر)منفی کرکٹ کھیلی ،انضمام ۔ فوٹو : انٹرنیٹ

لاہور: گرین کیپس کی منفی سوچ پر سابق کرکٹرز ناخوش ہیں۔

24سال قبل پاکستان کے دورے پر آنے والی آسٹریلوی ٹیم کے کپتان مارک ٹیلر نے کہا کہ حالیہ سیریز میں پی سی بی نے ہار کے خوف سے اپنے کرکٹرز کی صلاحیتوں کو کھل کر سامنے لانے کا موقع گنوا دیا، بدقسمتی سے اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ پاکستان کرکٹ کہاں کھڑی ہے،ان کے پاس کئی بہترین کرکٹرز موجود ہیں،منتظمین کو تھوڑا خطرہ مول لیتے ہوئے ان کو صلاحیتوں کے اظہار کا موقع دینا چاہیے تھا۔

انہوں نے مزید کہا کہ راولپنڈی اور کراچی ٹیسٹ کیلیے پچز سڑک کی طرح فلیٹ تھیں،ان پر گھاس نام کی نہیں تھی،یاد رہے کہ راولپنڈی ٹیسٹ میں 14وکٹیں گریں جبکہ 11سو سے زائد رنز بنے تھے۔

سابق پیسر شعیب اختر نے کہا کہ جب ڈر کر کھیلیں گے تو یہی ہوگا، اس طرح کی پچز بنائیں گے تو کون کھیلنے آئے گا؟ پاکستان نے اپنا امیج خراب کیا ہے، انھوں نے مزید کہا کہ کراچی ٹیسٹ میں آسٹریلیا کے فاسٹ بولرز نے جان لڑائی۔

سابق کپتان انضمام الحق نے کہا کہ اگر آپ کی قوت اسپن ہے تو پچ بھی اس حساب سے بنانا چاہیے تھی تاکہ آسٹریلیا کیلیے مشکلات ہوں، اس طرح کی پچز سے پاکستان کا اچھا امیج نہیں جا رہا، آپ کا ذہن مثبت نہیں، منفی کرکٹ کھیل رہے ہیں، آپ جیت کا تو سوچ ہی نہیں رہے۔

انھوں نے کہا کہ چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ ڈراپ ان پچز ضرور لائیں مگر اپنے کیوریٹرز اور گراؤنڈ اسٹاف پر بھی کام کریں،اس شعبے میں کام کرنے کے خواہشمند کرکٹرز کو ٹریننگ کیلیے باہر بھیجا جائے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں