اگر اپوزیشن نے تصادم کیا تو اس وقت کو روئے گی وزیر داخلہ
اپوزیشن ساڑھے 3 سال بیٹھی رہی اب مولا جٹ بننے جارہی ہے، 25 مارچ کے بعد شیخ رشید کا سیاسی گنڈاسا باہر ہوگا، شیخ رشید
ISLAMABAD:
وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ اپوزیشن 3 سال بیٹھی رہی اب مولا جٹ بننے جارہی ہے، اگر اپوزیشن نے تصادم کیا تو اس وقت کو روئے گی۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر داخلہ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ اسلام آباد میں 21، 22 اور 23 مارچ کو مقامی سطح پر چھٹی ہوگی، 23 مارچ کو تاریخی پریڈ ہورہی ہے ، 25 مارچ سے مطلع صاف ہونا شروع ہوجائے گا، 23 مارچ کے بعد سارا ہفتہ سیاسی ہوگا اور یہ سیاسی دنگل اسلام آباد میں ہوگا، اس لیے 20 مارچ سے اسمبلی اور لاجز کےاطراف میں ایف سی اور رینجرز تعینات ہوں گے۔
25 مارچ کے بعد شیخ رشید کا سیاسی گنڈاسا باہر ہوگا
انہوں نے کہا کہ قومی اسمبلی ،پارلیمنٹ لاجز کو رینجرز اور ایف سی پوری پروٹیکشن دیں گے، پچیس مارچ کو اپوزیشن کا جلسہ ہے سیکیورٹی دیں گے، 27 مارچ کو ڈی چوک میں تحریک انصاف کا جلسہ ہوگا، میں 25 تاریخ سے خبر دوں گا ابھی تو ہلکی پھلکی موسیقی ہے، 25 مارچ کے بعد شیخ رشید کا سیاسی گنڈاسا باہر ہوگا، ہم صحیح وقت پر صحیح فیصلے کریں گے۔
اگر اپوزیشن نے تصادم کیا تو اس وقت کو روئے گی
شیخ رشید کا کہنا تھا کہ سندھ ہاؤس میں پرائیویٹ فورس لائی گئی ہے اور وہاں کچھ لوگ موجود ہیں اور خرید و فروخت کا سلسلہ جاری ہے، ضمیر کو بیچ کر دولت کمانے والوں کے لیے یہ کام نہیں آئے گی، نسلی اور اصلی لوگ مشکل وقت میں ساتھ کھڑے ہوتے ہیں، امپائر نیوٹرل ہیں ایم این اے کا فیصلہ ہے کہ وہ حق میں ووٹ دے یا مخالفت میں، امید ہے اتحادی عمران خان کے ساتھ ہوں گے، وزیراعظم کامیابی سے ہمکنار ہوں گے اور اپوزیشن کو شکست ہوگی، عمرا ن خان ہاریں یا جیتیں میں ان کے ساتھ چٹان کی طرح کھڑا ہوں، اگر اپوزیشن نے تصادم کیا تو اس وقت کو روئے گی۔
اپوزیشن 3 سال بیٹھی رہی اب مولا جٹ بننے جارہی ہے
وفاقی وزیر نے کہا کہ پہلی بار شہباز شریف کی بلی تھیلے سے نکل آئی ہے اور قومی حکومت کا مطالبہ کیا، یہاں کوئی اندھیر نگری نہیں، شہباز شریف ایکسپوز ہوگئے ہیں، ووٹ کو عزت دو کے نعرے کہاں گئے، ساڑھے 3 سال یہ لوگ ہاتھ پر پاتھ دھرے بیٹھے ہوئے تھے اب یہ مولا جٹ بننے جارہے ہیں، ان کو ساڑھے 3 سال بعد اچانک قومی حکومت کا خیال آگیا ہے، عمران خان اپوزیشن کی بےوقوفی سے زیادہ مقبول ہوگئے ہیں۔ کل میڈیا کے ذریعے پتہ چلا کہ پیپلزپارٹی نے ٹی وی ڈرون کیمرے کی تحقیقات کے لیے ڈی جی آئی ایس آئی کو خط لکھا، کل کہیں گے اسمبلی تک پہنچانے کے لیے بھی آئی ایس آئی آئے۔
پولیس کی سیاست نہیں کرتا
وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ پولیس کی سیاست نہیں کرتا، اسلام آباد میں سیکیورٹی پہلے سے بہتر ہے، امن و امان کے قیام کے لیے اقدامات کر رہے ہیں اور مزید بھی ضرورت ہے، دنیا بھر میں پولیس کا کام مشکل ترین ہوتا ہے، دنیا میں سائنس اور ٹیکنالوجی نے ترقی کرلی ہے، متعدد جگہ فون کیا تو کہا گیا ڈرون بہت آگے گیا ہم پیچھے پیچھے تھے، پولیس کو بھی جدید نظام سے لیس کرنا ہوگا، پولیس کو اچھی تنخواہیں بھی دینے کی ضرورت ہے۔