ویمن ورلڈکپ میں ناقص کارکردگی بسمہ معروف کو کپتانی سے ہٹائے جانے کا امکان

رمیز راجہ خواتین ٹیم سے سخت ناخوش ہیں، ٹیم کی وطن واپسی پر آپریشن کلین اپ کا قوی امکان ہے


Sports Reporter March 24, 2022
خرابی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی سینئر کھلاڑی بھی فارغ کی جائیں گی (فوٹو، فائل)

KOHLU: ویمن ورلڈ کپ میں ناقص کارکردگی پر قومی ٹیم کی کپتان بسمہ معروف کی چھٹی سمیت خراب ترین پرفارمنس دینے والی سینئر کھلاڑیوں کو بھی فارغ کیا جاسکتا ہے۔

ایکسپریس نیوز کو ذرایع سے ملنے والی خبر کے مطابق نیوزی لینڈ میں جاری ویمن ورلڈکپ میں قومی ٹیم کی ناقص کارکردگی پر پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) کے چیئرمین رمیز راجہ سخت ناراض اور ناخوش ہیں اور انہوں نے ویمن وننگ سے رپورٹ طلب کرلی ہے، قومی ٹیم کی وطن واپسی پر آپریشن کلین اپ ہوگا۔

کپتان بسمہ معروف کی چھٹی سمیت خراب ترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی سینئر کھلاڑیوں کو فارغ کیا جاسکتا ہے، نئی کپتان کے تقرر اور ٹیم مینجمنٹ میں بھی نئے لوگوں کو شامل کیا جائے گا۔

بسمہ معروف کی قیادت میں پاکستانی ویمنز ٹیم نے اب تک 6 میچوں میں سے صرف ایک میں کامیابی حاصل کرسکی ہے، قومی ٹیم کا آخری میچ ہفتے کو میزبان نیوزی لینڈ سے طے ہے۔ ٹیم روانگی سے قبل دعویٰ کیا گیا تھا کہ پاکستان سیمی فائنل تک رسائی حاصل کرنے میں ضرور کامیاب ہوگا لیکن نتائج اس کے برعکس اور بدترین رہے کیونکہ پوائنٹس ٹیبل پر قومی ویمن ٹیم سب سے آخری نمبر پر ہے۔

میگا ایونٹ میں خراب پرفارمنس پر ٹیم کوچ، کپتان اور مینجر سے الگ الگ رپورٹ طلب کی گئی ہے۔ بورڈ حکام کپتان اور سینئر کھلاڑیوں کی گروپنگ کے ساتھ من مانیوں کے معاملے پر بھی کارروائی کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ ٹیم میں شامل کئی کھلاڑی خراب پرفارمنس کے باوجود عرصہ دراز سے کھیل رہی ہیں، ان کی جگہ نئی کھلاڑیوں کو آزمانے کا فیصلہ ہوا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔