32 سالہ شخص کی آنکھ سے دماغ تک پیوست چھری نکال لی گئی

جناح اسپتال کراچی کے ڈاکٹروں نے دماغ کے قریب پیوست خنجر کسی نقصان کے بغیر کامیابی سے نکالا گیا


دعا عباس March 27, 2022
32 سالہ افطار شاہ کو گھریلو جھگڑے میں چھری مارکر زخمی کردیا گیا تھا۔ فوٹو : فائل

جناح اسپتال کراچی کے ڈاکٹروں نے 32 سالہ شخص کے دماغ کے قریب پیوست خنجر کسی نقصان کے بغیر کامیابی سے نکال لیا۔

جناح اسپتال کے ڈاکٹرز نے مشکل ترین سرجری کے بعد 32 سالہ شخص کی آنکھ سے دماغ تک پیوست چھری نکال کر نہ صرف اس کی جان بچالی بلکہ زخمی شخص کسی بڑے نقصان سے بھی محفوظ رہا۔

انتظامیہ نے کامیاب آپریشن پر میڈیکل ٹیم کو تعریفی اسناد دینے کا اعلان کیا ہے، 32 سالہ افطار شاہ کو گھریلو جھگڑے میں چھری مارکر زخمی کردیا گیا تھا۔

یہ واقعہ 25 مارچ کو بلدیہ ٹاؤن کے علاقے اتحاد ٹاؤن میں اس وقت پیش آیا جب افطار شاہ اپنی ناراض اہلیہ کو منانے اور گھر واپس لانے کے لیے سسرال پہنچا تو اسے تلخ کلامی کے بعد خنجر مارکر زخمی کردیا گیا، چھری افطار خان کی بائیں آنکھ سے ہوتی ہوئی سر میں پیوست ہوگئی تھی، لواحقین کئی نجی اور سرکاری اسپتال پہنچے مگر مشکل سرجری کی وجہ سے سب نے علاج سے انکار کردیا کیونکہ آپریشن کے نتیجے میں دماغ کو نقصان پہنچنے کا اندیشہ تھا۔

26 مارچ کو جناح پوسٹ گریجویٹ میڈیکل سینٹر نے زخمی شخص کی سرجری کا فیصلہ کیا، ساڑھے چار گھنٹے جاری رہنے والے اس آپریشن میں نیورو، ای این ٹی اور آئی سرجنز کے علاوہ تجربہ کار او ٹی عملے نے حصہ لیا، نازک ترین آپریشن میں دماغ کے قریب پیوست خنجر کسی نقصان کے بغیر کامیابی سے نکال لیا گیا۔

جناح پوسٹ گریجویٹ میڈیکل سینٹر کے ایگزیکٹیو ڈائریکٹر پروفیسر شاہد رسول نے کامیاب سرجری کرنے والے ڈاکٹر علی حیدر ، ڈاکٹر کنول، ڈاکٹر رمشا، ڈاکٹر عبدالرفیق سمیت آئی سرجنز ڈاکٹر محبوب اور اختیار احمد سولنگی اور دیگر او ٹی اسٹاف کا کامیاب آپریشن پر مبارکباد دی اور انہیں تعریفی اسناد دینے کا اعلان کیا۔

انتظامیہ کا کہنا ہے کہ میڈیکل ٹیم نے ایک انسان کی جان بچائی اور اپنی مہارت و تجربے کا ثابت کیا ہے۔تاہم اافطار شاہ کہ آئی وارڈ میں شیفٹ کردیا کیا ہے، خطرے سے باہر ہونے کے باوجود آہندہ چوبیس گھنٹے اہم ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں