خط میں اگر رتی بھر بھی بیرونی سازش ثابت ہوئی تو مستعفی ہوجاؤں گا نومنتخب وزیراعظم

غیرملکی خط پر پارلیمنٹ کی سلامتی کمیٹی کا ان کیمرا اجلاس بلاکر بریفنگ دی جائے تاکہ حقیقت سامنے آئے، شہباز شریف


ویب ڈیسک April 11, 2022
غیرملکی خط پر پارلیمنٹ کی سلامتی کمیٹی کا ان کیمرا اجلاس بلاکر بریفنگ دی جائے تاکہ حقیقت سامنے آئے، شہباز شریف ۔ فوٹو : آن لائن

پاکستان کے نومنتخب وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ غیر ملکی خط میں اگر رتی بھر بھی بیرونی سازش ثابت ہوئی تو وزارت عظمی کے عہدے سے مستعفی ہو کر گھر چلا جاؤں گا۔

قومی اسمبلی میں بطور وزیراعظم اپنے پہلے خطاب میں انہوں نے کہا کہ اللہ کا جتنا شکر ادا کریں کم ہے، آج پوری قوم کے لیے عظیم دن ہے، تمام ساتھیوں کی دعاؤں سے اللہ تعالی نے پاکستان کو بچالیا، پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار کسی وزیراعظم کے خلاف تحریک عدم اعتماد کامیاب ہوئی، آج پاکستان میں روپیہ ڈالر کے مقابلے میں آٹھ روپیہ اوپر گیا جو کہ 182 روپے پر آگیا۔

یہ پڑھیں : شہباز شریف پاکستان کے 23ویں وزیراعظم منتخب

شہباز شریف نے کہا کہ کئی دنوں سے ڈرامہ چل رہا ہے کہ حکومت گرانے کے لیے غیر ملکی خط آیا، نہ میں نے خط دیکھا نہ کسی نے دکھایا، جاننا چاہتے ہیں کہ یہ حقیقت ہے یا جھوٹ، یہ سب پارلیمان کے سامنے آنا چاہیے جس کے لیے پارلیمنٹ کی سلامتی کمیٹی کا اجلاس بلایا جائے جس میں ان کیمرا بریفنگ دی جائے، تمام مسلح افواج کے سربراہان، ڈی جی آئی ایس آئی موجود ہوں اور انہیں بریفنگ دی جائے تاکہ پوری قوم کو خط کی حقیقت پتا چلے۔



انہوں نے کہا کہ خط میں اگر رتی بھر بھی بیرونی سازش ثابت ہوئی تو میں وزارت عظمی کے عہدے سے مستعفی ہو کر گھر چلا جاؤں گا۔

شہباز شریف نے کہا کہ ان پونے چار سال میں پی ٹی آئی حکومت نے ہوش ربا قرضے لیے اور اس کے باوجود کہیں ایک اینٹ بھی نہیں لگائی، بے پناہ مہنگائی ہوگئی، اشیائے خورد و نوش کی قیمتیں آسمان پر پہنچ گئی، کسان پریشان ہوگیا، لاکھوں مزدور بے روزگار ہوئے، 74 سالہ تاریخ میں پہلی بار بدترین تجارتی خسارہ ہونے جارہا ہے۔



انہوں نے کہا کہ 71 سال میں مجموعی طور پر 25 ہزار ارب روپے قرضہ لیا گیا جب کہ عمران نیازی نے ساڑھے 3 سال میں 20ہزار ارب روپے قرضہ لیا۔

کم از کم اجرت 25 ہزار روپے کرنے کا اعلان

وزیراعظم نے ملک بھر میں کم از کم ماہانہ اجرت 25 ہزار روپے کرنے کا اعلان کردیا، تنخواہوں میں اضافے کا اطلاق یکم اپریل سے ہوگا۔ دریں اثنا شہباز شریف نے کہا کہ سرمایہ کاروں سے اپیل ہے کہ وہ اپنے وہ ملازمین کی جن کی تنخواہیں ایک لاکھ تک ہیں ان کی تنخواہوں میں 10 فیصد تک اضافے کریں۔



پنشن میں 10 فیصد اضافے کا اعلان

وزیراعظم نے اس کے ساتھ ہی پنشن بھی 10 فیصد بڑھانے کا اعلان کیا اور کہا کہ اس کا اطلاق بھی یکم اپریل سے ہوگا۔

لیپ ٹاپ اور بے نظیر کارڈ اسکیم دوبارہ لائیں گے، وزیراعظم

وزیراعظم نے نوجوان طلبہ کو دوبارہ لیپ ٹاپ دینے اور بے نظیر کارڈ کو دوبارہ لانے کا بھی اعلان کیا۔ انہوں نے چاروں صوبوں کی یکساں ترقی کا اعلان کیا اور یہ بھی کہا کہ رمضان کے باقی دنوں میں ملک بھر میں سستا آٹا فراہم کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ چین کے ساتھ ہماری دوستی لازوال ہے، سی پیک پر کام میں تیزی لائیں گے، سعودی عرب نے ہمیشہ ہمارا ساتھ دیا، سعودیہ سمیت تمام خلیجی ممالک کے ساتھ تعلقات بہتر کریں گے، امریکا کے ساتھ بھی تعلقات بہتر کریں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔