ملک بھر میں حلقہ بندیوں کا کام 3 اگست تک مکمل کرلیا جائے گا الیکشن کمیشن

حلقہ بندیوں کے کام کی بروقت اور میرٹ پر تکمیل کو یقینی بنایا جائے گا، الیکشن کمیشن


ثاقب ورک April 19, 2022
الیکشن کمیشن آف پاکستان ہیڈ آفس ۔۔۔۔ فائل فوٹو

الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے کہا ہے کہ ملک بھر میں قومی اور صوبائی اسمبلیوں کی حلقہ بندیوں کا کام 3 اگست تک مکمل کرلیا جائے گا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق چیف الیکشن کمشنرسکندرسلطان راجہ کی زیرصدارت الیکشن کمیشن کا اہم اجلاس ہوا، جس میں ممبران الیکشن کمیشن ،سیکرٹری الیکشن کمیشن اور دیگر سینئر افسران شریک ہوئے جبکہ صوبائی الیکشن کمشنرپنجاب، سندھ ، بلوچستان اور خیبر پختونخوا نے بذریعہ ویڈیو لنک اجلاس میں شرکت کی۔

اجلاس میں الیکٹرانک ووٹنگ مشین اور اووسیز ووٹنگ کے بارے میں الیکشن کمیشن کو بریفنگ دی گئی اور بتایا گیا کہ پروجیکٹ مینجمنٹ یونٹ الیکٹرانک ووٹنگ مشین اور اووسیز ووٹنگ پر کام کر رہا ہے۔

الیکشن کمیشن کو انتخابی فہرستوں کی نظر ثانی کے کام کی پیشرفت کے متعلق بریف کیا گیا، شرکا کو پنجاب، سندھ او بلوچستان کے بلدیاتی انتخابات سے متعلق انتظامات پربریفنگ دی گئی، جس پر حکام نے اب تک کی پیشرفت اور انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔

اجلاس میں شریک شرکا کو بتایا گیا کہ الیکشن کمیشن نے حلقہ بندی کمیٹیوں کی ٹریننگ کا انتظام کرلیا گیا ہے، قومی اور صوبائی اسمبلیوں کی حلقہ بندیاں کا کام 3 اگست 2022 کو مکمل کر لیا جائےگا۔

الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ حلقہ بندیوں کے کام کی بروقت اور میرٹ پر تکمیل کو یقینی بنایا جائے گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں