جامعہ کراچی خودکش دھماکے میں 3 چینی اساتذہ سمیت چار افراد جاں بحق

خاتون خودکش بمبار نے چینی اساتذہ کی گاڑی کے قریب خود کو دھماکے سے اُڑادیا


ویب ڈیسک April 26, 2022
جامعہ کراچی میں دھماکے سے تباہ ہونے والی وین (فوٹو : اے ایف پی)

PESHAWAR: کراچی یونیورسٹی میں وین پر خودکش حملے میں 3 چینی اساتذہ سمیت 4 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے۔

جامعہ کراچی میں چینی زبان کی تعلیم دینے والے کنفیوشس انسٹی ٹیوٹ کے گیٹ پر خاتون بمبار نے عین اس وقت خود کو دھماکے سے اڑالیا جب چینی اساتذہ کی وین اندر داخل ہونے والی تھی۔

دھماکا اتنا زوردار تھا کہ اس کی آواز دور تک سنائی دی، قریبی عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے اور لوگوں میں خوف و ہراس پھیل گیا جبکہ وین میں آگ لگ گئی۔ واقعے میں چار افراد جاں بحق اور کئی زخمی ہوگئے۔ کالعدم بلوچ لبریشن آرمی نے حملے کی ذمہ داری قبول کرلی۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی، رینجرز، پولیس، فائر بریگیڈ اور دیگر امدادی ادارے جائے وقوعہ پہنچ گئے جنہوں نے لاشوں اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا۔ جامعہ کراچی کے رجسٹرار نے کہا ہے کہ دھماکے میں تین چینی اساتذہ اور وین ڈرائیور جاں بحق ہوگئے۔



انچارج سی ٹی ڈی راجا عمر خطاب نے بتایا کہ دھماکہ خود کش ہے جس کی ذمہ داری بلوچ علیحدگی پسند تنظیم نے قبول کی ہے، حملہ آور نے بارودی مواد ایک بیگ میں رکھا ہوا تھا جو اس نے اپنی کمر پر پہنا تھا۔

یہ پڑھیں : جامعہ کراچی میں دھماکے کی فوٹیج منظرعام پر آگئی

راجا عمر خطاب نے کہا کہ جامعہ کی سیکیورٹی سخت ہونے کے باعث حملے میں آئی ای ڈی استعمال نہیں کی گئی ، کیونکہ گاڑی پر آئی ای ڈی ڈیوائس لگانامشکل تھا اس لیے خودکش دھماکہ کیا گیا۔



ایس پی گلشن اقبال نے کہا ہے کہ متاثرہ گاڑی پر بال بیرنگ کے نشانات ملے ہیں، بم ڈسپوزل اسکواڈ کی ٹیم جائے وقوع کا معائنہ کررہی ہے۔



کراچی پولیس چیف غلام نبی میمن نے کہا ہے کہ دھماکے میں برقع پوش خاتون ملوث ہوسکتی ہے تاہم حتمی بات تحقیقات کے بعد سامنے آئے گی۔

عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ وین جیسے ہی کنفیوشس انسٹی ٹیوٹ پہنچی تو دھماکا ہوا اور وین کے آگے پیچھے موٹرسائیکلز پر تین رینجرز اہلکار بھی دور جاگرے اور زخمی ہوگئے۔

1

وزیراعظم شہباز شریف کا اظہار مذمت

وزیراعظم شہباز شریف نے جامعہ کراچی کے اندر وین دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے قیمتی جانوں کے ضیاع پر رنج وغم اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

وزیراعظم نے جاں بحق افراد کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی اور افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ واقعہ انتہائی قابل مذمت ہے، واقعہ میں متاثرہ خاندانوں کے غم میں شریک ہیں۔ وزیراعظم نے زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے بھی دعا کی۔

وزیراعظم نے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کو فون کیا اور ان سے دھماکے کی تفصیلات دریافت کیں۔ وزیراعلیٰ سندھ نے انہیں بتایا کہ واقعے میں تین چینی باشندے اور ایک پاکستانی ڈرائیور ہلاک ہوئے ہیں، ملوث افراد کو پکڑنے کی پوری کوشش کی جارہی ہے۔

صدر مملکت کی کراچی یونیورسٹی دھماکے کی مذمت

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کراچی یونیورسٹی میں ہونے والے بم دھماکے اور چینی باشندوں کی ہلاکت کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے قیمتی جانی نقصان پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا اور متاثرہ خاندانوں سے ہمدردی کی۔

ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ پاکستان واقعے میں ملوث دہشت گردوں کو کیفر کردار تک پہنچائے گا، دکھ کی اس گھڑی میں میرے جذبات چینی قوم کے ساتھ ہیں۔

وزیراعظم شہباز شریف کا چینی سفارت خانے کا دورہ

وزیراعظم شہباز شریف نے وفاقی کابینہ اراکین کے ہمراہ اسلام آباد میں چینی سفارت خانے کا دورہ کیا اور چینی ناظم الامور سے ملاقات کر کے چینی صدر کے نام تعزیتی پیغام تحریر کیا۔

شہباز شریف نے چین کو تحقیقات میں مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں مل کر چلنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

اس موقع پر وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ، احسن اقبال، مریم اونگزیب، حنا ربانی کھر بھی وزیراعظم کے ہمراہ تھیں۔

دفتر خارجہ کی کراچی بم دھماکے کی شدید مذمت

وزارت خارجہ نے کراچی بم دھماکےکی شدید مذمت کی اور جاری اعلامیے میں کہا کہ حکومت اورپاکستانی عوام متاثرین سےتعزیت کرتےہیں، قانون نافذکرنےوالےادارے واقعےکی تحقیقات کررہے ہیں، ملزموں کو انصاف کے کٹہرے میں ضرور لایا جائے گا۔

وزارت خارجہ کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا کہ حکومت زخمیوں کوطبی امدادفراہم کررہی ہے، پاکستان اس حملے کو پاک چین دوستی پر حملہ سمجھتا ہے اور چینی شہریوں کی سیکیورٹی کو انتہائی اہمیت کا حامل سمجھتا ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی مذمت

وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کراچی یونیورسٹی میں وین میں دھماکے کی اطلاع ملنے کے فوراً بعد چینی قونصلیٹ کا دورہ کیا۔ دھماکے کے نتیجے میں 3 چینی فیکلٹی ممبران سمیت 4 افراد ہلاک ہوئے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے چینی قونصل جنرل مسٹر لی بی جیان سے ملاقات میں دکھ اور افسوس کا اظہار کیا، مراد علی شاہ وزیر اعلیٰ سندھ نے قونصل جنرل کے ساتھ واقعہ کی تفصیلات شیئر کیں اور کہا کہ واقعہ کی فوری تحقیقات کی جائیں گی۔

وزیراعلیٰ نے قونصل جنرل کو یقین دلایا کہ مجرموں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا، انہوں نے کہا کہ پاکستان بالخصوص سندھ کی مجموعی ترقی میں چین کی شراکت داری اہم ہے اور اس طرح کے بزدلانہ واقعات دونوں ممالک کے درمیان مضبوط تعلقات کو متاثر نہیں کر سکتے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے دھماکے میں جاں بحق ہونے والے چینی شہریوں کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں