مسجد نبوی ﷺ میں جو کچھ ہوا وہ پاکستانی مسلمانوں کے جذبات تھے شیخ رشید
اس ملک کا موجودہ چور وزیراعظم جہاں بھی جائے گا اُسے پاکستانیوں کی نفرت کا سامنا کرنا پڑے گا، سابق وزیر داخلہ
سابق وزیر داخلہ شیخ رشید نے مسجد نبوی ﷺ میں پیش آئے واقعے پر کہا ہے کہ روضہ رسول پر جو کچھ ہوا وہ پاکستانی مسلمانوں کے جذبات تھے، یہ سب عمرے کے زائرین تھے اور روضہ رسول پر حاضری کے لیے گئے تھے اور حاضری کے دوران چوروں کے خلاف اپنے جذبات کا اظہار کیے بغیر رہ نہ سکے۔
شیخ رشید نے کہا کہ اگرچہ ان کی تعداد سینکڑوں میں نہیں بلکہ ہزاروں میں تھی، میری بات نوٹ کرلی جائے کہ اس ملک کا موجودہ چور وزیراعظم جہاں بھی جائے گا اُسے پاکستانیوں کی نفرت کا سامنا کرنا پڑے گا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستانیوں کو موجودہ حکمرانوں سے شدید قسم کی نفرت ہے، یہ دنیا میں بسنے والے پاکستانیوں کے نزدیک موجودہ حکمران نہ صرف امپورٹڈ، سیلیکٹڈ اور چور ہیں بلکہ پاکستانیوں کے لیے نفرت کا نشان بھی بن چکے ہیں۔ لوگ ان کی شکل نہیں دیکھنا چاہتے۔
شیخ رشید نے کہا کہ وہ اس معاملے پر تفصیلی بیان کل بروز ہفتے کو جاری کریں گے۔