کراچی میں دوماہ کے دوران 44 کروڑ 68 لاکھ کی اسمگل شدہ گاڑیاں اور غیرملکی اشیاء ضبط
ضبط شدہ اشیا میں ڈیڑھ کروڑ کے ٹائرز، 7 کروڑ کا غیرملکی کپڑا، 4 کروڑ کی چھالیہ، 2 کروڑ کا ایرانی کوکنگ آئل شامل
ڈائریکٹوریٹ آف کسٹمز انٹیلی جنس اینڈ انویسٹی گیشن کراچی کی جانب سے انسداد اسمگلنگ مہم کے تحت دو ماہ مارچ اور اپریل 2022ء کے دوران 44 کروڑ 68 لاکھ 76 ہزار روپے مالیت کی اسمگلڈ گاڑیوں سمیت دیگر غیرملکی اشیاء ضبط کی گئیں۔
ذرائع نے ایکسپریس کو بتایا کہ ڈائریکٹر کسٹمز انٹیلی جنس ثاقف سعید کی اسمگلروں کے خلاف کریک ڈاﺅن کی حکمت عملی کے تحت ڈائریکٹوریٹ کے شعبہ اینٹی اسمگلنگ آرگنائزیشن کے ایڈیشنل ڈائریکٹر عمر شفیق کی سربراہی میں تشکیل دی جانے والی ٹیم نے دو ماہ کے دوران کراچی کے مختلف کارروائیاں کیں۔
ان کارروائیوں میں ایک کروڑ 58 لاکھ 28 ہزار کے ٹائرز، 7 کروڑ 12 لاکھ 82 ہزار 80 روپے مالیت کا غیرملکی کپڑا، 4 کروڑ 3 لاکھ 28 ہزار روپے مالیت کی چھالیہ، 2 کروڑ 5لاکھ 46 ہزار 615 روپے مالیت کا ایرانی اسمگلڈ کوکنگ آئل جبکہ 29 کروڑ 88 لاکھ 91 ہزار روپے مالیت کے غیرملکی پرفیومز، باڈی اسپرے، شاپرز، لاکس، شیمپو، صابن، املی، الائچی، خشک دودھ، ٹافیاں، سگریٹس، کیک، اوساکا گیس، انجن، انڈین گٹکا، ایرانی ڈیزل، ایرانی جوس، شہد، گیس ہیٹرز، بلیک اولیوشیمپوز، دہی، ایرانی گھی، ٹوتھ پیسٹ، اجینوموتو اور اسمگلڈ گاڑیاں ضبط کرکے مقدمات درج کیے۔