شرجیل میمن اور ایشیائی ترقیاتی بینک کے وفد میں ملاقات ریڈ لائن بی آر ٹی پر گفتگو

صوبائی وزیر کی وفد کو منصوبے کو مکمل کرنے میں ہر ممکن تعاون فراہم کی یقین دہانی


ویب ڈیسک May 09, 2022
شرجیل میمن وفد سے ملاقات کرتے ہوئے (فوٹو : سرکاری میڈیا)

وزیر اطلاعات اور ٹرانسپورٹ سندھ شرجیل میمن اور ایشیائی ترقیاتی بینک اور اے ایف ڈی کے وفد کے درمیان اجلاس منعقد ہوا جس میں ریڈ لائن بی آر ٹی سے متعلق بات چیت ہوئی۔

وفد میں ایشائی ترقیاتی بینک کے سینئر اربن ڈوپلمنٹ اسپیشلسٹ لوآئیڈ رائٹ، سی ڈبلیو یو ڈبلیو انچارج جیا حییونگ، سینئر پروجیکٹ آفیسر اے ڈی بی عمر علی شاہ، ایف ڈی ڈیوڈ مارگونزٹرن شامل تھے۔ اس موقع پر سیکریٹری ٹرانسپورٹ عبدالحلیم شیخ، ایم ڈی سندھ ماس ٹرانزٹ اتھارٹی الطاف ساریو، سی ای او ٹرانس کراچی واصف جلال بھی موجود تھے۔

اجلاس میں بی آر ٹی ریڈ لائن منصوبے کے مسائل اور منصوبے کو مقررہ وقت کے اندر مکمل کرنے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ صوبائی وزیر کی تجویز پر بی آر ٹی ریڈ لائن پروجیکٹ پر ہر ہفتے زوم اجلاس منعقد کرنے پر اتفاق ہوا۔ سندھ حکومت کی جانب سے صوبائی وزیر نے وفد کو منصوبے کو مکمل کرنے میں ہر ممکن تعاون فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی۔

شرجیل میمن نے کہا کہ سندھ حکومت کی جانب سے معاملہ التوا میں نہیں رکھا جائے گا، میری پوری ٹیم اور کنٹریکٹر دن رات منصوبے پر کام کریں گے، کراچی کے پبلک ٹرانسپورٹ کا مسئلہ حل کرنا سندھ حکومت کا مشن ہے۔

انہوں نے کہا کہ اورنج لائن کے منصوبے کو مکمل کرنے کے لیے ٹھیکے داروں کو ایک مہینے کی ڈیڈ لائن دی ہے، ریڈ لائن بایو گیس کا منصوبہ ہے، ہم چاہتے ہیں کہ یہ کامیاب ہو تاکہ اسے حیدرآباد اور صوبے کے دوسرے بڑے شہروں میں رپلیکیٹ کیا جائے۔


ایشیائی وفد نے کہا کہ بایو گیس پلانٹ کی تعمیر کے لیے 32 ایکڑ زمین کی منتقلی کا مسئلہ ہے جس پر شرجیل میمن نے کہا کہ بی آر ٹی ریڈ لائن کے ڈپو کے لیے زمین کی منتقلی کے عمل کو تیز کیا جائے گا، بھینس کالونی میں بایو گیس پلانٹ کے لیے 32 ایکڑ زمین کی منتقلی کے معاملات کو میں ذاتی طور پر دیکھوں گا، بی آر ٹی ریڈ لائن کے سول ورک کو مقررہ 24 ماہ کی مدت کے اندر مکمل کیا جائے گا۔


صوبائی وزیر نے کہا کہ اس کے ساتھ پروجیکٹ کے لیے بسز کی خریداری کے عمل کو تیز کیا جائے گا تاکہ جیسے ہی پروجیکٹ کا انفرا اسٹرکچر مکمل ہو تو بسز موجود ہوں۔


ایشائی ترقیاتی بینک کے سینئر اربن ڈوپلمنٹ اسپیشلسٹ لائیڈ رائٹ نے کہا کہ پروجیکٹ ماحول دوست ہے اور شہر کی دوسری بی آر ٹی ٹیز سے مختلف ہے، پروجیکٹ کے دو ڈپو کی تعمیر کے لیے آٹھ ایکڑ اراضی کا مسئلہ ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں