ٹنڈو محمد خان تنخواہ سے محروم بلدیہ ملازمین کی ہڑتال جاری

شہر گندگی کا ڈھیر بن گیا، بازاروں میں نالیوںکا گندہ پانی جمع،کاروبار ٹھپ


Nama Nigar March 02, 2014
شہر گندگی کا ڈھیر بن گیا، بازاروں میں نالیوںکا گندہ پانی جمع،کاروبار ٹھپ۔ فوٹو فائل

میونسپل ملازمین نے تنخواہوں کی عدم ادائیگی کے خلاف کام چھوڑ ہڑتال آٹھویں روز بھی جاری رکھی، شہر گندگی کا ڈھیر بن گیا، مرکزی بازاروں میں نالیوں کا گندہ پانی بھر گیا، کاروباری سرگرمیاں مفلوج ہوکر رہ گئیں۔

میونسپل انتظامیہ کی ملازمین کے مابین مذاکرات بھی ناکام۔ تفصیلات کے مطابق بلدیاتی ملازمین نے 5ماہ سے تنخواہوں کی عدم ادائیگی کے خلاف کام چھوڑ ہڑتال آٹھویں روز بھی جاری رکھی جس کے باعث پورے شہر میں جگہ جگہ گندگی کے ڈھیر لگ گئے ہیں جن سے تعفن پھوٹ رہا ہے جبکہ شہر کے مرکزی بازار 8روز سے گندے پانی سے بھرے پڑے ہیں جس کے باعث سبزی منڈی، میر جو پڑ، شاہی بازار، کریانہ مارکیٹ سمیت متعدد بازاروں میں کاروباری زندگی مفلوج ہو کر رہ گئی ہے جبکہ گلیوں میں بھی نالیوں کا پانی ابل پڑا ہے جس کے باعث اہل علاقہ کو سخت دشواریوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے جبکہ اسکول اور کالج جانے والے طلبہ اور طالبات بھی گندے پانی سے گزر کر اپنے تعلیمی اداروں کو جانے پر مجبور دکھائی دیتے ہیں۔

دوسری جانب پیپلز پارٹی کے ضلعی صدر حاجی محمد امین لاکھو نے احتجاجی ملازمین کے بھوک ہڑتالی کیمپ پر جاکر ان سے اظہار یکجہتی کیا، میونسپل یونین کے رہنماوں امتیاز خاصخیلی اور سینیٹری انسپکٹر غلام حسین نوناری کا کہنا ہے کہ ان کے گھروں میں فاقوں کی نوبت آگئی ہے اور وہ مکمل تنخواہیں ملنے تک احتجاج جاری رکھیں گے، جبکہ مذکورہ صورتحال پر شہر کی تاجر تنظیموں میں سخت تشویش اوراشتعال پایا جاتا ہے، تاجر رہنمائوں حاجی محمد اسماعیل میمن، حاجی شبیر میمن، سلیم گدی پٹھان، عظیم بھٹی اور عبداللہ پنھور کا کہنا ہے کہ میونسپل ملازمین اور حکومت کے مابین جھگڑے کی سزا ٹنڈو محمد خان کے شہریوں کو دی جارہی ہے۔ اگر فوری طور پر شہر میں صفائی نہ کرائی گئی تو تاجر برادری سخت احتجاج کرے گی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں