سی این جی صارفین کیلیے بھی سبسڈی دی جائے سی این جی ایسوسی ایشن

پرائیویٹ سیکٹر کو LNG کی درآمد کی اجازت نہ دینے سے سی این جی 300 روپے کلو ہو گئی


Business Reporter May 15, 2022
سی این جی کے صارفین پٹرول استعمال کر رہے ہیں، پٹرول پر سبسڈی ختم کی جائے، غیاث پراچہ (فوٹو: فائل)

آل پاکستان سی این جی ایسوسی ایشن کے مرکزی رہنما غیاث پراچہ نے گورنمنٹ سے اپیل کی ہے کہ سی این جی صارفین کیلیے بھی ایل این جی کی قیمت میں سبسڈی دی جائے۔

غیاث پراچہ نے کہا ہے کہ پرائیویٹ سیکٹر کو ایل این جی خود امپورٹ نہیں کرنے دی گئی جبکہ ملک میں ایل این جی کی بروقت خریداری کے معاہدے نہ ہونے کی وجہ سے ہم تاریخ کی مہنگی ترین ایل این جی استعمال کرنے پر مجبور ہیں، نتیجے میں سی این جی کنزیومر پرائس 300 روپے کلو تک جا پہنچی جو کہ پنجاب اور سندھ میں 195 روپے فی لیٹر تک بنتی ہے۔

اسلام آباد میں منعقدہ سی این جی ایسوسی ایشن کے مشاورتی اجلاس کے بعد انھوں نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ سی این جی سیکٹر گزشتہ تین سالوں سے پرائیویٹ ایل این جی امپورٹ کرنے کیلیے حکومتی گرین سگنل کا منتظر ہے جبکہ حکومتی امپورٹ میں تاخیر کی داستانیں کسی سے چھپی ہوئی نہیں، ایسی صورتحال میں جبکہ حکومت پٹرول پر 90-80 روپے فی لیٹر سبسڈی دے رہی ہے دوسرے مسابقتی فیولز خاص کر سی این جی کا کاروبار تباہ ہو گیا ہے۔

غیاث پراچہ نے کہا کہ ہماری گورنمنٹ سے اپیل ہے کہ سی این جی صارفین کیلیے بھی ایل این جی کی قیمت میں سبسڈی دی جائے ورنہ پٹرول پر سبسڈی ختم کی جائے تاکہ فیولز مساوی قیمت پر کاروبار کر سکیں۔

انھوں نے مزید کہا کہ پنجاب میں حکومت نے سی این جی اسیٹیشنز بند کیے ہوئے ہیں اور سندھ کے سی این جی صارفین کی اکثریت سی این جی کی جگہ پٹرول استعمال کر رہی ہے جس سے سی این جی اسٹیشن ویران ہو رہے ہیں اور مالکان اسٹیشنز کی بندش پر مجبور ہورہے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں