حارث سہیل بھولی بسری یاد بن کر رہ گئے

بابر اعظم کی خواہش کے برعکس تجربہ کار بیٹر کو ایک بار پھر نظر انداز کردیا گیا


Express News May 15, 2022
بابر اعظم کی خواہش کے برعکس تجربہ کار بیٹر کو ایک بار پھر نظر انداز کردیا گیا۔ فوٹو؛ فائل

حارث سہیل بھولی بسری یاد بن کر رہ گئے،کپتان بابر اعظم کی خواہش کے برعکس تجربہ کار بیٹر کو ایک بار پھر نظر انداز کردیا گیا۔

سلیکٹرز نے کپتان کی خواہش کے برعکس تجربہ کار لیفٹ ہینڈڈ بیٹر حارث سہیل کو ایک بار پھر نظر انداز کردیا،ذرائع کا کہنا ہے کہ ون ڈے ٹیم کے مڈل آرڈر کو مضبوط بنانے کے خواہاں بابر اعظم نے حارث سہیل کی سلیکشن کا کہا تھا۔

ان کے مطابق بیٹر میں یہ خوبی ہے کہ وہ سلو اور اسپن پچز پر زیادہ دیر قیام کر کے بڑی اننگز کھیل سکتے ہیں، ان کی سلو بولنگ سے ٹیم کو اضافی سہولت بھی ملتی ہے مگر حیران کن طورپر پی سی بی کی طرف سے کنڈیشننگ کیمپ کیلیے اعلان کردہ 60کھلاڑیوں میں بھی حارث سہیل کو شامل نہیں کیاگیا، ون ڈے میں کرکٹ میں 47کے قریب کی اوسط رکھنے والے33سالہ حارث سہیل اپنے ساتھ روا رکھے جانے والے سلوک پر حیران اور پریشان ہیں۔

سیالکوٹ سے تعلق رکھنے والے بیٹر ابھی تک 16 ٹیسٹ، 42 ون ڈے اور 14 ٹی ٹوئنٹی میچز میں پاکستان کی نمائندگی کرچکے ہیں، نیوزی لینڈ کیخلاف جنوری 2021میں آخری ٹیسٹ کے بعد انھیں ڈراپ کردیاگیا تھا، آخری ون ڈے میچ میں انھوں نے اکتوبر 2020میں ملک کی نمائندگی کرتے ہوئے 71رنز بنائے تھے، سلیکٹرز اور بورڈ سربراہ کی یقین دہانی کے باوجود حارث کو انٹرنیشنل اور ڈومیسٹک میچز میں بھی شرکت کا موقع نہیں دیاجا رہا۔

دوسری جانب ان کے قریبی دوستوں کا کہنا ہے کہ وہ انجری مسائل سے چھٹکارا پانے کے بعد باقاعدگی سے پریکٹس کررہے ہیں، سلیکٹرز اور بورڈ حکام ہر بار رابطہ کرنے پر دلاسے دینے تک ہی محدود رہتے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں