کرکٹر کے کیریئر کو نئی اُڑان دینے کی مہم شروع

فٹنس ٹیسٹ کے بعد ڈیٹا مرتب،ہر بیٹر یا بولر کی ضرورت کے مطابق سیشنز کاآج سے اہتمام


Abbas Raza May 17, 2022
تعارفی لیکچر کے دوران کنڈیشننگ کیمپ کے اغراض و مقاصد سے آگاہی دی گئی۔ فوٹو : انٹرنیٹ

کرکٹرز کے کیریئر کو نئی اڑان دینے کی مہم شروع ہو گئی جب کہ ہر بیٹر یا بولر کی ضرورت کے مطابق سیشنز کا اہتمام آج سے کیا جائے گا۔

پی سی بی نے آف سیزن میں کرکٹرز کی صلاحیتیں نکھارنے کی مہم شروع کردی ہے، کنڈیشننگ کیمپ میں شرکت کے لیے 60 کھلاڑیوں کو نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر لاہور طلب کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا، پہلے مرحلے میں 27 پلیئرز کو 10جون تک ٹریننگ کرنا ہے،بیشتر نے اتوار کو رپورٹ کردی تھی۔

ذاتی وجوہات کی بنیاد پر فخر زمان، محمد حسنین اور محمد وسیم جونیئر نے گزشتہ روز تاخیر سے کیمپ جوائن کرلیا، کپتان بابراعظم بیرون ملک مصروفیات اور زاہد محمود والدہ کی وفات کے باعث تاخیر سے جمعے کو رپورٹ کریں گے،کیمپ کے ابتدائی روز تعارفی سیشن میں کوچز کے لیکچرز ہوئے۔

قومی ٹیم کے بیٹنگ کوچ محمد یوسف، بولنگ کوچ شان ٹیٹ اور فیلڈنگ کوچ عبدالمجید نے کھلاڑیوں کو مقاصد سے آگاہ کیا، سابق اسپنر مشتاق احمد اور این ایچ پی سی کے کوچ عمر رشید بھی پلیئرز سے مخاطب ہوئے، بعد ازاں تمام کرکٹرز کے فٹنس ٹیسٹ لینے کے بعد ڈیٹا مرتب کیا گیا،شام کو کرکٹرز کے ساتھ انفرادی نشستوں میں مسائل جاننے کی کوشش ہوئی، اس دوران قومی اور این ایچ پی سی کوچز کے ہاتھوں میں نوٹ بکس رہیں۔

کرکٹرز 2یا 3کے سیٹس میں بات چیت کیلیے آتے رہے،اوپنرز امام الحق اور عبداللہ شفیق ایک ساتھ آئے،اسی طرح سے پاور ہٹرز آصف علی اور خوشدل شاہ کو بلایا گیا، نوجوان پیسرز میں شاہنواز دھانی، ارشد اقبال اور میر حمزہ کا ایک ساتھ سیشن ہوا، اسپنرز میں یاسر شاہ کے ساتھ عثمان قادر اور فیصل اکرم آئے، قومی ٹیم کے اسسٹنٹ کوچ سارے عمل میں مینجمنٹ کا کردار ادا کرتے رہے، انفرادی بات چیت میں کرکٹرز کو مسائل بتانے کے بعد سوال پوچھے گئے۔

کھلاڑیوں نے بتایا کہ انٹرنیشنل یا ڈومیسٹک کرکٹ کھیلتے ہوئے ان کو کس شعبے میں مشکل پیش آئی، منگل سے شروع ہونے والے پریکٹس سیشنز میں ان معلومات کی روشنی میں کام ہوگا، قومی ٹیم اور این ایچ پی سی کا اسٹاف اپنی میٹنگ میں مسائل پر بات چیت کرتے ہوئے پلان بنائے گا، بیٹنگ، بولنگ اور فیلڈنگ کوچز اپنے شعبوں میں کام کرتے ہوئے کرکٹرز کی رہنمائی کریں گے۔

پی سی بی کی جانب سے جاری کردہ ویڈیو میں نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر کے کوچ عمررشید نے کہا کہ کنڈیشننگ کیمپ میں پاکستان کے اہم کرکٹرز شریک ہیں، بیٹرز ہوں یا بولرز سب اپنے کھیل کے بارے میں اچھی طرح جانتے ہیں،وہ اپنی مہارت اور بہتری لانے کی ضرورت سے بھی آگاہ ہیں،ہم نے ان سے ہی پوچھا ہے کہ وہ ٹریننگ کے دوران کیا بہتری لانے کی خواہش رکھتے ہیں، ان کی ضرورت کے مطابق پریکٹس سیشنز کا پلان بنایا جائے گا۔

انھوں نے کہا کہ اعلیٰ سطح کی کرکٹ کے تجربے کی روشنی میں کھلاڑیوں کے مسائل سے آگاہ قومی کوچز بھی یہاں ہمارے ساتھ ہی موجود ہیں،این ایچ پی سی اسٹاف بھی اپنے کام میں ماہر ہے،ہمارا قومی کوچز کے ساتھ اچھا تال میل بن چکا، اس کا یقینی طور پر کرکٹرز کو فائدہ پہنچے گا،اچھی پلاننگ کے ساتھ کھلاڑیوں کی کارکردگی میں بہتری لانے کی کوشش کریں گے۔

آل راؤنڈر خوشدل شاہ نے کہا کہ کرکٹ کی مصروفیات میں زیادہ وقت نہیں ملتا، کنڈیشننگ کیمپ ہر کھلاڑی کے انفرادی مسائل کا حل تلاش کرنے کا اچھا موقع ہے،سب کی ضرورت کے مطابق کام کرنے کا پلان بنانے سے کارکردگی میں بہتری آئے گی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں