بھٹ شاہ نوابشاہ قومی شاہراہ پر حادثات10افراد جاں بحق60 زخمی

زیادہ تر حادثات اتوار اور پیر کی درمیانی شب بارش سے پھسلن کے باعث گاڑیاں سلپ ہونے سے پیش آئے


Nama Nigaran March 04, 2014
حیدرآباد: نیشنل ہائی وے پر حادثے کے بعد بسیں جائے وقوع پر الٹی ہوئی پڑی ہیں ۔ فوٹو :عدیل احمد/ ایکسپریس

HONG KONG: مٹیاری اور قاضی احمد کے قریب قومی شاہراہ پر5 مختلف حادثات میں 2کمسن بہن بھائیوں اور خاتون سمیت 10 افراد جاں بحق جبکہ 60 سے زائد مسافر زخمی ہو گئے۔

زیادہ تر حادثات اتوار اور پیر کی درمیانی شب بارش سے پھسلن کے باعث گاڑیاں سلپ ہونے سے پیش آئے۔ تفصیلات کے مطابق پہلا حادثہ مٹیاری سے 2 کلومیٹر دور پیش آیا، جہاں قومی شاہراہ پر2 کوچیں، ٹرک اور موٹر سائیکل سلپ ہو کر آپس میں ٹکرا گئیں، جس کے نتیجے میں خاتون رانی شیخ، سعودی عرب روانگی کے لیے کراچی جانے والا ساہیوال کا رہائشی فیاض ملک سمیت 4 افراد جاں بحق اور30 سے زائد مسافر زخمی ہوگئے۔ دوسرا حادثہ سیکھاٹ کے قریب پیش آیا، جہاں 2 کوچیں آپس میں ٹکرا گئیں۔ اس حادثے میں 2 مسافر اعجا بھٹو اور ہوت خان جاں بحق اور20 سے زائد زخمی ہوگئے۔ میانی فاریسٹ کے قریب وین اور2 پک اپ الٹ گئیں جس کے نتیجے میں امیر حسین شاہ سمیت 2 مسافر جاں بحق اور کئی زخمی ہوگئے۔

لاشیں اور زخمیوںکو تعلقہ اسپتال اور سول اسپتال حیدرآباد منتقل کیا گیا۔ زخمیوں میں زہرہ، فضا، عافیہ، راشد، در محمد، حسین، بلاول، بابر، صغراء، عبدالخالق، امیر علی، نیاز، ببلو، توقیر، وحید، عبدالغفور، مسکان، شاہدہ، فہد، نجف، عبدالرحمن، صدف علی، سعیدہ، پٹھانی، امیر افضل، محمد رمضان، نسرین، ندیم، توقیرالنساء، شازیہ، حبیب، گل بہار، شہزادی، عارض محمد و دیگر شامل ہیں۔ مٹیاری کے قریب ان حادثات کے بعد پولیس کافی تاخیر سے پہنچی، جس کے باعث زخمیوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، متاثرین نے قومی شاہراہ پر دھرنا دیا جب زخمی مٹیاری اسپتال لائے گئے تو وہاں ڈاکٹر موجود نہیں تھے۔ دوسری جانب نوابشاہ سے سیہون جانے والی تیز مسافر وین قاضی احمد کے قریب دادو بائی پاس پر سامنے سے آنے والی کار سے ٹکرا گئی، جس کے نتیجے میں کار میں سوار 2 کمسن بہن بھائی3 سالہ آصف اور 5سالہ ماہین موقع پر ہی جاں بحق جب کہ ان کے والدین ثناء اللہ اور سعیدہ شدید زخمی ہوگئے، جنہیں پی ایم سی اسپتال منتقل کیا گیا۔ حادثے میں وین میں سوار 8 سے زائد مسافر بھی زخمی ہوئے، جنہیں تعلقہ اسپتال منتقل کیا گیا۔ حادثے کے بعد وین ڈرائیور فرار ہوگیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔