کراچی میں دہشتگردی کاخطرہ اہم تنصیبات نشانہ گولہ بارود پہنچ گیا

ساؤتھ زون نشانے پر،گورنر و وزیراعلیٰ ہاؤس، غیر ملکی قونصل خانوں سمیت دیگر اہم عمارتیں شامل


Raheel Salman May 28, 2022
شہر میں بم دھماکوں کے علاوہ نئی طرز کا حملہ کیا جاسکتا ہے،حکام۔ فوٹو: فائل

SUJAWAL: شہر میں دہشت گردی کی نئی لہر کاخطرہ ہے،دہشت گردوں کی جانب سے ساؤتھ زون میں اہم تنصیبات کو نئی طرز پر نشانہ بنایا جاسکتا ہے۔

شہر میں حالیہ ہونے والے بم دھماکوں کی تفتیش کے دوران تحقیقاتی اداروں کو ایسے شواہد ملے ہیں کہ جس میں شہر میں دہشت گردی کی ایک اور نئی لہر کا خطرہ ہے، شہر میں بم دھماکوں کے علاوہ نئی طرز پر اہم تنصیبات پر حملہ کیا جاسکتا ہے جوکہ ماضی سے بالکل مختلف ہوگا۔

بم دھماکوں کی تفتیش سے جڑے حکام نے بتایا کہ خصوصی طور پر شہر کا ساؤتھ زون دہشت گردوں کے نشانے پر ہے، ساؤتھ زون میں آئل ریفائنریز ، غیر ملکی قونصل خانے، گورنر ہاؤس، وزیراعلیٰ ہاؤس اور دیگر اہم عمارتیں و اہم تنصیبات قائم ہیں۔

ذرائع نے ایکسپریس کو بتایا کہ شہر میں انتہائی جدید اسلحہ اسمگل کرکے پہنچایا جاچکا ہے ، مذکورہ اسلحے میں مارٹر گولے، لانچر اور دیگر رائفلیں شامل ہیں ، انھیں استعمال کرنے والے تربیت یافتہ ملزمان بھی اس وقت شہر میں ہیں۔

تفتیشی حکام نے بتایا کہ چین کے قونصل خانے اور پاکستان اسٹاک ایکسچینج پر حملے میں حملہ آور انتہائی تربیت یافتہ تھے جوکہ کلاشنکوف سے فائرنگ بھی دو انگلیوں سے کررہے تھے جس میں ایک انگلی سے وہ ٹریگر دبارہے تھے جبکہ دوسری انگلی سے کلاشنکوف کو آٹومیٹک اور سیمی آٹومیٹک موڈ پر لے جارہے تھے، کلاشنکوف کو اس طرح چلانے کی تربیت دنیا کے ترقی یافتہ ممالک کی افواج کو دی جاتی ہے۔

کراچی ،حیدر آباد اور سکھر کی جیلوں میں قید دہشت گردوں سے بھی تفتیش کی گئی جس کی روشنی میں تحقیقاتی اداروں پر انکشاف ہوا کہ شہر میں ساؤتھ زون میں واقع اہم تنصیبات کو نشانہ بنایا جاسکتا ہے اور دہشت گردی کی نئی لہر کا خطرہ ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔