تحریک اںصاف کے رہنما فواد چوہدری نے کہا ہے کہ جسٹس (ر) مقبول باقر ایک قابل احترام انسان ہیں مجھے امید ہے کہ وہ ایک متنازع پراسس کے ذریعے چیئرمین نیب نہیں بننا چاہیں گے۔
اسلام آباد ہائی کورٹ میں پیشی کے بعد میڈیا سے گفت گو کرتے ہوئے فواد حسین چوہدری نے کہا کہ راجہ ریاض ڈمی اپوزیشن لیڈر ہے وہ لوٹا ایسوسی ایشن کا چیئرمین ہونے کی وجہ سے اپوزیشن لیڈر بنا ہے، ایک لوٹے کو ڈمی اپوزیشن لیڈر بنا کر یہ چیئرمین نیب کی تقرری کا پراسس کیا جارہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کوئی بھی شخص جو قابل احترام ہوگا تو وہ اس پراسس کے ذریعے نہیں آئے گا اور جسٹس مقبول باقر بڑے قابل احترام آدمی ہیں اس لیے مجھے امید ہے کہ وہ اس پراسس کے ذریعے چیئرمین نہیں بنیں گے۔
فواد چوہدری نے کہا کہ ملک میں اس وقت کوئی حکومت نہیں ہے جسے عوامی حمایت ہو، مہنگائی کا ایک طوفان آگیا ہے اور مزید طوفان آنے والے دنوں میں آئے گا۔
یہ پڑھیں : حکومتی اتحاد نے چیئرمین نیب کیلئے جسٹس (ر) مقبول باقر کے نام پر اتفاق کرلیا
رہنما پی ٹی آئی نے کہا کہ پہلے انہوں نے اپنی ای سی ایل ختم کی پھر پراسیکیوٹر، تفتیشی ٹیمیں اور پھر ریکارڈ تبدیل کیا، انہوں نے اوورسیز پاکستانیز کے حقوق ختم کیے اب ان کی پوری توجہ اپنے کیسز پر ہے اور اب یہ چیئرمین نیب لگا رہے ہیں۔
سابق وزیر اطلاعات نے کہا کہ مجھے یہ لگتا ہے یہ مزید سیاسی غلطیاں کریں گے، عوامی سپورٹ اور حکومت کے درمیان بڑا گیپ ہے جس کی وجہ معاملات آگے چل کر مزید خراب ہوں گے، ابھی پارٹی کے اندر سے آوازیں اٹھنا شروع ہوگئی ہیں کہ الیکش کرائیں۔