پختونخوا حکومت اپریل میں بھی بلدیاتی الیکشن نہیں کراسکے گی

جون میں بجٹ اور جولائی میں رمضان ہونگے،الیکشن کا انعقاد ستمبر یا اکتوبر میں ممکن ہوگا،ذرائع


Shahid Hameed March 05, 2014
سپریم کورٹ نے کوئی تاریخ نہیں دی،خواہش ہے الیکشن جلدہوجائیں،وزیربلدیات کے پی کے۔ فوٹو: فائل

خیبر پختونخواحکومت کی جانب سے سپریم کورٹ میں بلدیاتی انتخابات کیلیے ماہ اپریل کے آخرکی تاریخ دینے کی استدعا کے باوجود تیاریاں نہ ہونے اورکم وقت رہ جانے کے باعث اپریل میں بلدیاتی انتخابات کا انعقاد ناممکن ہوگیا جو اب ممکنہ طورپر مئی یاپھرستمبر،اکتوبرہی میں منعقد ہوپائے گاجس کی تصدیق حکومتی ذرائع نے بھی کردی ہے۔

خیبرپختونخوا میں بلدیاتی انتخابات کیلیے حلقہ بندیوں کاکام مکمل کرلیاگیااوراسی تناظرمیں خیبرپختونخوا حکومت کی جانب سے سپریم کورٹ سے بھی استدعاکی گئی کہ ماہ اپریل کے آخرمیں بلدیاتی انتخابات کیلیے تاریخ دی جائے تاہم تیاریاں مکمل نہ ہونے اوراپریل میں الیکشن کیلیے اب تاریخ ملنے کے باوجود الیکشن کیلیے لازمی تیاریوں کیلیے انتہائی کم وقت رہ جانے کے باعث اس بات کاامکان کم ہوگیاکہ ماہ اپریل میں بلدیاتی انتخابات منعقد ہوپائیں گے،حکومتی ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ اپریل کے آخرمیں ہم بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے لیے تیارتھے تاہم اب اس میں بہت کم وقت رہ گیاہے اور اتنے وقت میں الیکشن کی تیاری کرنامشکل ہوگا۔

ذرائع نے بتایا کہ اگر مئی کے مہینے کے وسط کی کوئی تاریخ مل جاتی ہے تو بلدیاتی انتخابات کا انعقاد ہوجائے گاتاہم اگرایسانہیں ہوپاتاتوستمبر ،اکتوبرسے پہلے مشکل ہوجائے گاکیونکہ مئی کے آخراورجون کا مہینہ بجٹ کی وجہ سے مصروف ترین ہوتاہے جبکہ جولائی میں رمضان بھی ہوںگے اورشدید گرمی بھی ہوگی اس لیے شدیدگرمی ختم ہونے کے بعد ستمبرکے آخریااکتوبرہی میں الیکشن ہو پائیںگے ،صوبائی وزیربلدیات عنایت اللہ خان نے کہاکہ ہماری خواہش ہے کہ الیکشن جلد ہو،ہمیںاب تک سپریم کورٹ کی جانب سے کوئی تاریخ ملی ہے نہ صوبہ کی سطح پرحکمران اتحادنے حتمی تاریخ کاتعین کیاہے اس لیے یہ کہنامشکل ہوگاکہ آیا اپریل میں انتخابات کاانعقاد ہو پائے گا یانہیں ،ایساہوبھی سکتاہے اورنہیں بھی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں