خوراک کی عالمی قیمتیں گزشتہ ماہ 26 فیصد بڑھ گئیں

چینی 6.2، کھانے کے تیل 4.9، سیریلز 3.6 اور ڈیری کی عالمی قیمتوں میں 2.9 فیصد کا اضافہ


Business Desk March 07, 2014
گوشت معمولی سستا، رواں سال گندم کی عالمی پیداوار 70 کروڑ 40 لاکھ ٹن رہے گی، ایف اے او فوٹو : فائل

خوراک کی عالمی قیمتوں میں موسمیاتی اثرات، یوکرین بحران اور طلب میں اضافے کے باعث گزشتہ ماہ 2.6 فیصد کا نمایاں اضافہ ریکارڈ کیاگیا جو 2012 کے وسط سے اب تک ہونے والے سب سے زیادہ اضافہ ہے۔

عالمی ادارہ خوراک وزراعت کی جانب سے جاری کردہ ماہانہ رپورٹ کے مطابق فروری میں ایف اے او فوڈ پرائس انڈیکس کی سطح 208.1 پوائنٹس پر پہنچ گئی جو جنوری سے 5.2 پوائنٹس یا 2.6 فیصد زیادہ ہے تاہم فروری 2013 سے 2.1 فیصد کم ہے۔ رپورٹ کے مطابق گزشتہ ماہ صرف گوشت کی قیمتوں میں کمی ہوئی جبکہ دیگر تمام اجناس گروپس میں شامل اشیا کے نرخ میں اضافہ دیکھا گیا، سب سے زیادہ اضافہ چینی کی قیمتوں میں 6.2 فیصد، کھانے کا تیل 4.9 فیصد، سیریلز 3.6 فیصد اور ڈیری کی قیمتوں میں 2.9 فیصد ہوا۔

ایف اے او کے سنیئر اکنامسٹ کنسیپ سیون کالپی نے کہا کہ اشیائے خوراک کی عالمی قیمتوں میں کافی عرصے سے کمی کا رجحان تھا مگر فروری میں قیمتیں بڑھ گئیں تاہم یہ کہنا ابھی قبل ازوقت ہوگا کہ حقیقتاً رجحان بدل چکا ہے، چینی و گندم جیسی بعض اشیا کی قیمتوں میں اضافے کی بڑی وجہ موسم ہے جبکہ مکئی، ڈیری اور کھانے کی تیل کی قیمتوں میں اضافہ طلب تیزی سے بڑھنے کی وجہ سے ہوا۔

رپورٹ کے مطابق گزشتہ ماہ سیریل کی قیمتیں 3.6 فیصد بڑھ گئیں جس کی بڑی وجہ امریکا میں گندم کی فصل کے متعلق تحفظات، فیڈ و بائیوفیول کے لیے گرینز کی طلب میں تیزی سے اضافہ اور جاپونیکارائس کی بلند قیمتیں ہیں تاہم اناج کی قیمتیں اب بھی فروری 2013 سے 18.8 فیصد کم ہیں۔ رپورٹ کے مطابق سبزیوں سے نکلنے والے تیل کی قیمتوں میں گزشتہ ماہ 4.9 فیصد، ڈیری کی قیمتوں میں 2.9 فیصد اور برازیل میں خشک موسم کی وجہ سے گنے کی فصل تباہ اور بھارتی پیداوار میں کمی کے خدشات سے چینی کی قیمتوں میں6.2 فیصد اضافہ ہوا جبکہ گوشت کی قیمتیں معمولی کم ہوگئیں۔ دریں اثناء ایف اے او نے سیریل سپلائی ڈیمانڈ بریف بھی جاری کردیا ہے جس کے مطابق رواں سال گندم کی عالمی پیداوار 70 کروڑ 40 لاکھ ٹن رہنے کا امکان ہے جو 2013 سے 1.7 فیصد کم ہونے کے باوجود تاریخ کی دوسری بڑی فصل ہو گی۔

ایف اے او کے مطابق 2013 میں سیریل کی مجموعی عالمی پیداوار 2515 ملین ٹن رہی جو فروری کے تخمینے سے13ملین ٹن اور 2012 سے 9 فیصد زیادہ ہے۔ مزید برآں اے ایم آئی ایس مارکیٹ مانیٹر کے مطابق رواں سال کئی ممالک میں بمپر فصلوں کے نتیجے میں مکئی، گندم، چاول اور سویابین کے عالمی ذخائر میں اضافے کا امکان ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں