یوٹیلٹی اسٹورز پر گھی 300روپے کلو ملے گا مریم اورنگزیب

10کلوآٹے کا تھیلا 400 میں فراہم کیا جارہا، پرائس کنٹرول کمیٹیاں بنا دیں، وفاقی وزیر اطلاعات


APP/Numainda Express June 14, 2022
بیرونی سازش کا بیانہ اپنانے والے آج مہنگائی پر لیکچر دے رہے، وزیر اطلاعات ۔(فوٹو: فائل)

ISLAMABAD: وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے حکومت کی جانب سے گھی کی قیمتوں میں250 روپے کی بڑی کمی کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک بھر کے تمام یوٹیلٹی اسٹورز پر گھی300روپے کلو میں دستیاب ہوگا۔

پریس کانفرنس میں وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا 2018 میں آٹے کی قیمت35 روپے کلو تھی جو پچھلے 4 سال کے دوران90 سے100روپے کلو اور گھی 550 روپے سے 600 روپے فی کلو فروخت ہوتا رہا، سابق حکومت نے 4 سال مافیا اور کارٹلز کی جیبیں بھریں، عوام کو مہنگائی کی چکی میں پیسا گیا۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت عوام کو مہنگائی کے اثرات سے محفوظ رکھنے کیلیے سبسڈی اور ریلیف دینے کے اقدامات کر رہی ہے۔ سستا آٹا اسکیم کے بعد ملک میں سستا گھی اسکیم شروع کی جا رہی ہے۔ خیبرپختونخوا میں700 موبائل وینز اور600سیلز پوائنٹس پر آٹے کا 10کلو گرام کا تھیلا 400 روپے میں فراہم کیا جا رہا ہے۔

یوٹیلٹی اسٹیشنری پوائنٹس یا موبائل وینز جن علاقوں میں نہیں پہنچ پا رہیں وہاں عوام ٹال فری نمبر 080005590 پر شکایت درج کروا سکتے ہیں۔ آٹے کے معیار یا قیمتوں میں فرق کے حوالے سے شکایت 051111123570 پر کروائی جا سکتی ہے۔9 جون کو گھی پر سبسڈی کا آغاز کیا گیا جس کا مجموعی حجم3ارب روپے ہے۔ یوٹیلٹی اسٹورز پر آٹا، چینی اور دیگر اشیا کی کمی کی شکایات کیلیے مانیٹرنگ نظام قائم کیا گیا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔