عامر لیاقت کی وجۂ موت جاننے کیلئے 23 جون کو قبرکشائی کی جائے گی محکمہ صحت

موت کی وجہ جاننے کیلئے میڈیکل بورڈ کی جانب سے عامر لیاقت کی باڈی کےکچھ اعضاء کے نمونے لیے جائیں گے، پولیس سرجن


Tufail Ahmed June 20, 2022
فوٹو:فائل

محکمہ صحت سندھ نے ڈاکٹر عامر لیاقت کی موت کی وجہ جاننے کیلئے پولیس سرجن کراچی کو 23 جون کو قبرکشائی کرکے پوسٹ مارٹم کرنے کی ہدایت جاری کردی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے ٹکٹ پر رکن قومی اسمبلی منتخب ہونے والے ڈاکٹر عامر لیاقت حسین کی قبر کشائی بحکم عدالت 23 جون کو کی جائے گی تاکہ جسد خاکی کا پوسٹ مارٹم کیا جاسکے۔

صوبائی محکمہ صحت نے پولیس سرجن کراچی ڈاکٹر سمیہ سید کی سربراہی میں 4 رکنی میڈیکل بورڈ تشکیل دے دیا ہے، قبر کشائی کے موقع پر متعلقہ مجسٹریٹ اور دیگر پولیس حکام بھی موجود ہوں گے۔

ڈاکٹر عامرلیاقت حسین کی قبر کشائی کر کے ان کے باڈی کے کچھ اعضاء کے نمونے لیے جائیں گے جو کیمیکل ایگزامنینشن کے لیے لبیارٹری بھیجے جائیں گے اور لیبارٹری رپورٹ کے بعد اینکر عامر لیاقت کی موت کی وجہ کا تعین کیا جاسکے گا۔

ڈاکٹر عامر حسین کے پوسٹ مارٹم اور قبر کشائی کے احکامات متعلقہ عدالتی حکم پر کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ 9 جون کو ڈاکٹر عامر حسین لیاقت کی پراسرار موت کے بعد ان کے اہل خانہ نے پوسٹ مارٹم کروانے سے انکار کردیا تھا جس پر مجسٹریٹ نے ان کی باڈی کے بیرونی حصّے کا معائنہ کرکے میت کو ورثاء کے حوالے کرنے کا حکم دیا تھا، بعدازاں ڈاکٹر عامر لیاقت کی تدفین عمل میں لائی گئی تھی۔

ڈاکٹر عامر لیاقت حسین 9 جون 2022 بروز جمعرات کو اچانک انتقال ہوگیا تھا۔

عدالت کا عامر لیاقت کی وجۂ موت کے تعین کیلیے میڈیکل بورڈ بنانے کا حکم

اس سے قبل جوڈیشل مجسٹریٹ شرقی وزیر حسین میمن نے اینکر پرسن عامر لیاقت کی موت کی وجہ جاننے کے لیے سیکریٹری کو صحت میڈیکل بورڈ بنانے کا تحریری حکم جاری کیا تھا۔

اس حوالے سے سٹی کورٹ کے جوڈیشل مجسٹریٹ شرقی وزیر حسین میمن نے سیکریٹری صحت کو ایک خط لکھا تھا۔

خط میں عامر لیاقت حسین کے پوسٹ مارٹم کے لیے ضروری اقدامات کا بھی حکم دیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں