سندھ میں بلدیاتی انتخابات ملتوی کرنے کی تمام درخواستیں مسترد

ایم کیو ایم کا فیصلے کیخلاف سپریم کورٹ سے رجوع کرنے کا اعلان


کورٹ رپورٹر June 24, 2022
بلدیاتی انتخابات سے متعلق ایم کیو ایم اور جماعت اسلامی سمیت دیگر سیاسی جماعتوں کی درخواستوں پر سماعت ہوئی۔ فوٹو:فائل

ISLAMABAD: سندھ ہائی کورٹ نے بلدیاتی انتخابات کے التوا سے متعلق تمام درخواستیں مسترد کر دیں اور کہا ہے کہ انتخابات وقت پر ہی ہوں گے، متحدہ نے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ سے رجوع کرنے کا عندیہ دے دیا۔

جسٹس محمد جنید غفار کی سربراہی میں دو رکنی بینچ کے روبرو بلدیاتی انتخابات سے متعلق ایم کیو ایم اور جماعت اسلامی سمیت دیگر سیاسی جماعتوں کی درخواستوں پر سماعت ہوئی۔

بیرسٹر فروغ نسیم نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ الیکشن کمیشن کا جواب ٹھوس بنیادوں پر مشتمل نہیں، یہ جواب رسمی طور پر جمع کرایا گیا ہے۔ ابھی تک انتخابی فہرستیں مکمل نہیں لیکن الیکشن کرانا چاہتے ہیں۔ انتخابی فہرستیں 12 اگست کو مکمل ہونگی، اس سے پہلے انتخابی عمل شروع ہی نہیں ہونا چاہیے۔

تحریک انصاف کے وکیل چوہدری آصف نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ سپریم کورٹ نے مقامی حکومتوں کے اداروں کو الگ فنڈز جاری کرنے اور بلدیاتی اداروں کو بااختیار بنانے کا حکم دیا تھا۔

جسٹس محمد جنید غفار نے ریمارکس دیے کہ سپریم کورٹ نے تو حکم دیا تھا بلدیاتی انتخابات کرائے جائیں۔ تحریک انصاف کے وکیل نے دلائل میں کہا کہ سپریم کورٹ نے پہلے قانون سازی بعد میں انتخابات کا حکم دیا تھا، اس طرح انتخابات کرائے گئے تو بلدیاتی حکومت کمزور ترین تصور کی جائے گی۔

الیکشن کمیشن کے وکیل نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ ساری غلطیاں الیکشن کمیشن کی طرف سے نہیں ہوتیں، الیکشن کمیشن میں غلط معلومات کے اندارج کے باعث کچھ خامیاں رہ جاتی ہیں۔ الیکشن کمیشن تمام چیزوں کا جائزہ لینے کے ان خامیوں کو دور کیا جاتا ہے۔ ووٹرز کی غیر حتمی لسٹ عام انتخابات 2023 کے لیے تیار کی جا رہی ہے، بلدیاتی انتخابات کی ووٹر لسٹ منجمد کر دی گئی ہے۔ اعتراضات کے بعد بھی فیصلہ کیا گیا ہے ڈسپلے پر غیر حتمی ووٹر لسٹ ہی رکھی جائے گی۔

جسٹس محمد جنید غفار نے ریمارکس دیے کہ 120 روز میں بلدیاتی انتخابات کیوں نہیں کرائے گئے؟ الیکشن کمیشن کے وکیل نے دلائل میں کہا کہ بلدیاتی حلقہ بندیوں کی وجہ سے انتخابات میں تاخیر ہوئی ہے۔ سندھ میں پہلے مرحلے میں بلدیاتی انتخابات پرسوں ہونے جا رہے ہیں اور صوبے میں 27 ہزار امیدوار حصہ لے رہے ہیں۔ بلدیاتی انتخابات میں 50 کروڑ روپے کے اخراجات ہوچکے ہیں۔

وکیل نے دلائل میں مزید کہا کہ دوسرے مرحلے کے انتخابات کی تیاریاں بھی مکمل ہیں۔ کوئی بھی ووٹرز حلقہ بندیوں کو چیلنج کرسکتا ہے۔ پورے سندھ میں صرف 2 فیصد حلقہ بندیوں کے خلاف اعتراضات سامنے آئے ہیں۔ کچھ درخواستیں حلقہ بندیوں کے خلاف زیر سماعت بھی ہیں۔

سندھ حکومت کی جانب سے سرکاری وکیل نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ سپریم کورٹ نے الیکشن کروانے اور مقامی حکومتوں کو بااختیار بنانے کا حکم دیا۔ اسمبلی نے سلیکٹ کمیٹی بنانے کی تجویز دی۔ ایم کیو ایم سمیت سب نے انتخابات ملتوی کرنے کی تجویز دی۔ طے ہوا کہ تمام تجاویز عدالت کے سامنے رکھیں گے۔ سندھ حکومت نے معاملہ عدالت پر چھوڑ دیا ہے۔ عدالت جو بھی فیصلہ کرے گی وہ قبول ہوگا۔

عدالت نے دلائل سننے کے بعد بلدیاتی انتخابات کے التوا سے متعلق درخواستیں مسترد کر دی۔ عدالت نے ریمارکس دیے کہ سندھ میں بلدیاتی انتخابات وقت پر ہی ہونگے جس کا تفیصلی فیصلہ بعد میں جاری کیا جائے گا۔

ایم کیو ایم کے وکیل و سابق وزیر قانون بیرسٹر فروغ نسیم نے ہائیکورٹ کے فیصلے کیخلاف سپریم کورٹ جانے کا عندیہ دیدیا۔ بیرسٹر فروغ نسیم نے کہا کہ فیصلے کیخلاف سپریم کورٹ میں اپیل کی جائیگی۔

پی ٹی آئی کے رکن صوبائی اسمبلی سندھ فردوس شمیم نقوی نے کہا کہ ہم سپریم کورٹ میں حکومت سندھ اور الیکشن کمیشن کیخلاف توہین عدالت کی درخواست دائر کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ نے فروری میں فیصلہ دیا سندھ حکومت نے قانون سازی کیوں نہیں کی۔ اب جون چل رہا اس وقت تک قانون سازی ہو جاتی۔ لیکن پیپلز پارٹی وفاق میں لوٹے بنانے میں مصروف تھی قانون سازی کیسے ہوتی۔

میڈیا سے بات کرتے ہوئے الیکشن کمیشن کے ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل لا خرم شہزاد نے کہا کہ سندھ ہائی کورٹ نے دلائل سننے کے بعد آئین کے مطابق فیصلہ دیا ہے، ایم کیو ایم، پی ٹی آئی سمیت دیگر درخواستیں مسترد کردیں ہیں، بلدیاتی انتخابات شیڈول کے مطابق ہوں گے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ فیصلے کے خلاف اگر کوئی سپریم کورٹ جانا چاہے تو یہ اس کا حق ہے۔

اسی طرح چیف الیکشن کمشنر سندھ اعجاز چوہان نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے ہماری تمام تر تیاریاں مکمل ہیں، 26 جون کو سندھ کے 4 ڈویژن کے 14 اضلاع میں پہلے مرحلے کی پولنگ 26 ہورہی ہے، دوسرے مرحلے کی پولنگ حیدرآباد اور کراچی میں 24 جولائی کو ہوگی، جس طرح الیکشن کمیشن نے شیڈول کا اعلان کیا تھا ہم اس کے مطابق انتخابات کو شفاف اور پرامن بنائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ میڈیا کے توسط سے پہلے فیز کی 14 اضلاع میں حصہ لینے والے تمام امیدواروں کو کہتا ہوں کہ وہ انتخابات کے عمل کو پرامن بنانے میں الیکشن کمیشن کا ساتھ دیں۔

انہوں نے کہا کہ یہاں ایک بات واضح کردوں اگر کسی نے بھی پرامن ماحول کو خراب کرنے کی کوشش کی تو الیکشن کمیشن آف پاکستان قانون کے مطابق اس کے خلاف سخت سے سخت کارروائی کرے گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں