کراچی میں 2 اور 3 جولائی کو بارش کا امکان
بھارت سے داخل ہونے والا مون سون سلسلہ تھر پارکر اور کراچی میں بارش کا سبب بن سکتا ہے،چیف میٹرولوجسٹ
چیف میٹرو لوجسٹ سردار سرفراز کا کہنا ہے کہ شہرمیں مون سون سلسلے کے تحت 2اور3جولائی کے درمیان بارش ہونے کا امکان ہے۔
ایکسپریس نیوز سے بات کرتے ہو ئے چیف میٹرو لوجسٹ سردارسرفراز کا کہناتھا کہ بھارتی راجستھان سے پاکستان میں داخل ہونے والامون سون سلسلہ یکم جولائی کو تھرپارکر جبکہ بعدازاں 2سے3جولائی کے درمیان کراچی میں بارش کا سبب بن سکتا ہے، 2جولائی کو بارش کے زیادہ قوی امکانات ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اس سسٹم کی شدت کے بارے میں قبل ازوقت کہنا ممکن نہیں،البتہ 24سے48گھنٹوں کے دوران اس کی شکل مزید واضح ہوجائیگی، سندھ میں داخل ہونے والے مون سون سلسلے کی شدت عموما بحیرہ عرب سے آنے والے دباؤ کے سبب بڑھ جاتی ہے۔
اگلے دو روزبھی مطلع گرم اور مرطوب رہنے کا امکان
کراچی میں اگلے دو روزبھی مطلع گرم اور مرطوب رہنے کا امکان ہے جبکہ شہر میں مغربی سمت سے چلنے والی ہواؤں اور نمی کا تناسب بڑھنے سے شدید گرمی اور حبس رہا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ دو دنوں کے دوران موسم گرم اور مرطوب رہے گا،اس دوران دن کے وقت مغربی سمت کی ہوائیں جبکہ شام کے وقت سمندر سے جنوب مغربی ہوائیں چلنے اور زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 35 سے 37 ڈگری تک ریکارڈ کئے جانے کا امکان ہے۔
پیرکو شہر کا مطلع گرم ومرطوب رہا،دن کے وقت تیزدھوپ جبکہ کچھ وقت کے لیے شہر کی فضائیں جزوی ابرآلو رہیں،مغربی ہوائیں چلنے اورہوا میں نمی کاتناسب 65فیصد تک بڑھنےسے دوپہر کے وقت شدید حبس اورگرمی رہی،محکمہ موسمیات کے مطابق شہر کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 36.3ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا۔
ارلی وارننگ سینٹر کے مطابق اگلے 3سے4روزکے دوران وسطی اوربالائی سندھ میں موسم شدید گرم رہےگا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق اس دوران سندھ کے بعض علاقوں میں بارش کا بھی امکان ہے۔