پیٹرولیم نرخوں میں اضافے کے معاملے پر ہم بے بس ہیں وزیر داخلہ

شوکت ترین نے آئی ایم ایف کی سبسڈی ختم کرنے کی شرط کو مان کر معاہدے پر دستخط کیے، رانا ثنا اللہ


ویب ڈیسک July 03, 2022
رانا ثنااللہ (فوٹو : فائل)

ISLAMABAD: وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے معاملے میں ہم سب بے بس اور بہت زیادہ دکھی ہیں۔

فیصل آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی نے اقتدار میں آکر صرف بدلہ لیا، انہوں نے سیاسی مخالفین کو جھوٹے مقدمات میں پھنسایا اور مہنگائی کرکے عوام سے بدلہ لیا۔

رانا ثنا للہ نے کہا کہ آئی ایم ایف نے سبسڈی ختم کرنے کی شرط رکھی، معاہدے پر شوکت ترین نے دستخط کیے اگر ایسا نہ ہوا تو ہم اس کے ذمہ دار ہوں گے، میں آئی ایم ایف سے کیے گئے معاہدے پر شوکت ترین کے دستخط دکھا سکتا ہوں، ہم نے اقتدار میں آکر مشکل فیصلوں سے ملک کو دیوالیہ ہونےسے بچالیا جبکہ عمران خان نے آئی ایم ایف معاہدے کی خلاف ورزی کی۔

انہوں نے کہا کہ اگر آئی ایم ایف کے ساتھ سابق حکومت کے کیے گئے معاہدے پورے نہ کرتے تو پاکستان بھی سری لنکا کی طرح ڈیفالٹ ہوسکتا تھا۔ وزیرداخلہ کا کہنا تھا کہ مہنگائی میں عام آدمی کی مشکلات کا اندازہ ہے، تیل کی قیمتوں کو بڑھانے کے معاملے پر ہم سب بے بس اور بہت زیادہ دکھی ہیں۔

رانا ثنا اللہ نے کہا کہ گزشتہ تین سال کے دوران بیڈ گورننس کے باعث مہنگائی میں اضافہ ہوا جسے اب ختم کیا جائے گا۔

وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ عمران خان جسے پنجاب کا سب سے بڑا ڈاکو کہتے تھے آج اُسے وزیراعلیٰ بنوانے کی کوشش کررہے ہیں، عمران خان کے جلسے میں زیادہ تر لوگ خیبر پختون خوا سے تھے، رات عمران خان کہہ رہا تھا کہ مجھے اقتدار میں دوبارہ نہیں لائے تو میں رونا دھونا شروع کردوں گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں