وزیراعظم کی حج اکبر پر پوری امت کو مبارکباد

اللہ تعالی اس دن کی برکت سے پاکستان کو قرض کی دلدل سے نکال کر معاشی خود انحصاری کی منزل عطا فرمائے،قوم سے دعا کی اپیل


Numainda Express/APP July 09, 2022
دانیال عزیزکی عیادت،برہان وانی کوخراج عقیدت،انڈونیشی سفیرسے ملاقات،سابق جاپانی وزیراعظم کے قتل پرافسوس،دورہ نیلم جہلم ملتوی۔ فوٹو:فائل

وزیراعظم شہباز شریف نے حج اکبر کی سعادت حاصل کرنے والے حجاج سمیت پوری امت کو مبارک باد دیتے ہوئے اپیل کی ہے کہ اللہ تعالی کی خاص عنایات کے اس متبرک دن پر اللہ تعالی سے مغفرت و رحمت کی دعائیں کی جائیں۔

وزیراعظم نے کہا آج اللہ تعالیٰ کے انوار وتجلیات کے نزول کا خاص بابرکت دن ہے،ہم اپنے رب کریم کے حضور عالم انسانیت پر اس کے رحم، امت مسلمہ کے اتحاد، ترقی و خوشحالی، وبا اور امراض سے نجات کی دعا کرتے ہیں، اللہ تعالی سے مقبوضہ فلسطین اور کشمیر کی آزادی اور مظلوم انسانیت کے دکھوں اور مصائب سے نجات کی التجا کرتے ہیں۔، اللہ تعالی آج کے دن کی برکت سے پاکستان کو قرض کی دلدل سے نکال دے، ہمیں بحثیت قوم معاشی خود انحصاری کی منزل عطا فرمائے، آج کے دن ہم شہدا کے درجات کی بلندی اور لواحقین کے لئے صبر جمیل کی خصوصی دعا کرتے ہیں۔

وزیراعظم نے گزشتہ روز امیر قطر عزت مآب شیخ تمیم بن حمد الثانی کو ٹیلی فون بھی کیا جس میں انھوں نے امیرقطر کو عیدالاضحی کی مبارکباد دی اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

امیر قطر نے بھی وزیراعظم اور پاکستان کے عوام کو عیدالاضحی کی مبارک اور خیرسگالی کے گرمجوش جوابی جذبات کا اظہارکیا۔دونوں قائدین نے دو طرفہ بہترین تعلقات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے سیاسی و معاشی تعاون کو مزید آگے بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے جمعہ کو سی ایم ایچ راولپنڈی میں پارٹی رہنما دانیال عزیز کی عیادت کی۔وزیراعظم کچھ دیر سی ایم ایچ میں رہے ۔وہاں سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے تھے۔

دریں اثنا وزیرِ اعظم شہباز شریف نے خراب موسم کے باعث نیلم جہلم پاور پراجیکٹ کا دورہ ملتوی کردیا۔وزیرِ اعظم کو نیلم جہلم ہائیڈرو پاور پروجیکٹ کے دورے کے موقع پر تفصیلی بریفنگ دی جانی تھی۔

وزیراعظم نے کشمیری حریت پسند برہان مظفر وانی کے یوم شہادت پر انہیں خراج عقیدت پیش کیا ہے اور کہاہے کہ کشمیریوں کی جرأتمندانہ جدوجہد کو سلام ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف سے گزشتہ روز رکن قومی اسمبلی محمد خان ڈاہا نے بھی ملاقات کی۔وزیر اعظم نے جاپان کے سابق وزیراعظم شنزو ابے کے قتل پر اظہارِ افسوس کیا ہے۔

وزیراعظم نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ وہ اس سانحہ پر دکھ اور صدمے میں ہیں،ہم اس مشکل کی گھڑی میں شنزو ابے کے خاندان اور جاپان کے عوام کیساتھ ہیں۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں