قومی کرکٹ ٹیم کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلیے پی سی بی کا پاکستان ہائی کمیشن سے رابطہ
گذشتہ روز پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہوٹل میں قیام کی درخواست کی گئی تھی
ISLAMABAD:
سری لنکا کی موجودہ صورتحال پر پی سی بی حکام میں تشویش کی لہر دوڑ گئی، چیئرمین پی سی بی نے دورے پر موجود قومی کرکٹ ٹیم کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے پاکستان ہائی کمیشن سے رابطہ کرلیا۔
قائم مقام ہائی کمشنر تنویر احمد بھٹی نے رمیز راجہ کو فول پروف سیکیورٹی کی فراہمی میں اپنا سفارتی کردار ادا کرنے کی یقین دہانی کروا دی، ان کا کہنا ہے کہ کولمبو میں پاکستانی ہائی کمیشن سری لنکا حکام سے مسلسل رابطے میں ہے، سری لنکا کے عوام پاکستان اور کرکٹ سے محبت کرتے ہیں۔
گذشتہ روز پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہوٹل میں قیام کی درخواست کی گئی تھی۔
دوسری جانب پاکستان کرکٹ ٹیم نے ہوٹل ہی میں نماز عیدالاضحیٰ ادا کی اور بعد ازاں فوج کے حفاظتی دستہ کے سخت پہرے میں پریما داسا انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم پہنچ کر پریکٹس میں حصہ لیا۔
دریں اثنا حفاظتی اقدامات پر چیئرمین بورڈ نے اظہار تشکر کرتے ہوئے توقع ظاہر کی ہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کا دورہ سری لنکا کامیابی سے ہم کنار ہوگا۔
واضح رہے کہ سری لنکا کے دارلحکومت کولمبو میں کرفیو اور مظاہروں کے سبب پاکستان ٹیم ہوٹل میں مقید رہی، گزشتہ روز سارا اوول گراؤنڈ پر پریکٹس سیشن منسوخ کر دیا گیا تھا، پیر سے کولمبو کولٹس کرکٹ گراؤنڈ پر شروع ہونے والے سہ روزہ میچ کے حوالے سے بھی بے یقینی کی سی کیفیت ہے۔
طے شدہ پروگرام کے تحت پریکٹس میچ کے بعد پاکستان کرکٹ ٹیم مقامی شہر گال جائے گی، 14 اور 15 جولائی کو گال انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں پریکٹس ہوگی جبکہ دونوں ممالک کے درمیان پہلا ٹیسٹ میچ 16 جولائی سے شیڈول ہے۔