پودوں کو موسمیاتی شدت کے امراض سے بچانے والی ’ایسپرین‘

پودے سیلی سائیکلک ایسڈ بناکر بدلتے موسموں کا مقابلہ کرسکتے ہیں اور اپنی بقا کو برقرار رکھ سکتے ہیں۔


ویب ڈیسک July 16, 2022
پودے سیلی سائیکلک ایسڈ بناکر بدلتے موسموں کا مقابلہ کرسکتے ہیں اور اپنی بقا کو برقرار رکھ سکتے ہیں۔ فوٹو: فائل

جس طرح ہم بدلتے موسم میں نزلہ زکام سے بچنے کے لیے ایسپرین لیتے ہیں اسی طرح ماہرین نے پودوں کو موسمیاتی شدت سے بچانے کے لیے قدرتی ایسپرین دریافت کی ہے جسے سیلی سائیکلِک ایسڈ کا نام دیا گیا ہے۔

سیلی سائیکلک ایسڈ پودوں میں قدرتی طور پر پایا جاتا ہے۔ یہ ایک نامیاتی مرکب ہے جو اس وقت پیدا ہوتا ہے جب پودے حرارت یا خشک سالی سے گزرتے ہیں۔ اب ماہرین کا اصرار ہے کہ عین اسی عمل سے بڑھتے ہوئے عالمی درجہ حرارت میں پودوں کو تندرست و توانا رکھا جاسکتا ہے۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ سیلی سائیکلک ایسڈ سے ہی ایسپرین تشکیل پاتی ہے اور ایک عرصے سے اسے درد کش دوا کے طور پر استعمال کیا جاتا رہا ہے۔ یہاں تک کی قدیم مصری بھی اسے دیسی دوا کے طور پر استعمال کرتے آرہے ہیں اور وہ ایسےپودوں کے پتوں کو پیس کر جوشاندہ بناتے تھے۔

جامعہ کیلیفورنیا، ریورسائیڈ کے سائنسدانوں نے سیلی سائیکلک ایسڈ بننے کا عمل بغوردیکھا ہے ۔ پہلے ری ایکٹو آکسیجن اسپیشیز (آراوایس) کا مطالعہ کیا جو تمام پودوں میں موجود ہوتے ہیں اور ماحولیاتی دباؤ کے وقت خارج ہوتے ہیں اور یہ عمل انسانوں میں بھی ہوتا ہے۔

آراوایس پودے کی ہنگامی حالت کی پکار ہوتے ہیں اور اس کے بعد وہ سیلی سائیکلِک ایسڈ بنانے لگتے ہیں۔ پھر ماہرین نے دیکھا کہ کہ عربی ڈوپسِس نامی پودا جب جب حرارت، دھوپ اور خشک سالی سے گزرتا ہے وہ ایک سالمہ (مالیکیول) بناتا ہے جس سے سیلی سائیکلِک ایسڈ بننے لگتا ہے۔ سیلی سائیکلِک ایسڈ اپنی تشکیل کے بعد فوٹوسنتھے سز میں اہم کردار ادا کرنے والے کلوروپلاسٹ کی حفاظت بھی کرتا ہے۔

امید ہے کہ سیلی سائیکلِک ایسڈ بننے کے عمل کو سمجھ کر اسے موسمیاتی شدت اور گلوبل وارمنگ کے شکار پودوں ، فصلوں اور درختوں کو بچانا ممکن ہوگا۔ آب و ہوا کے تغیر سے پودوں اور درختوں پر بہت دباؤ ہے اور یہی وجہ ہے کہ اس ضمن میں سیلی سائیکلک ایسڈ کی اہمیت مزید واضح ہوجاتی ہے۔

اگر ہم کسی طرح پودوں کو حسبِ ضرورت یہ ایسڈ بنانے کے قابل بناتے ہیں تو اس سے عالمی زراعت کا بہت بڑا مسئلہ حل ہوسکتا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں