کراچی کی حالتِ زار ٹریفک پولیس نے سڑکوں کی مرمت کا مطالبہ کردیا

97 سڑکیں 145 مقامات سے خراب ہیں، جو ٹریفک روانی میں خلل کا سبب بن رہی ہیں


Raheel Salman July 14, 2022
سڑکیں شدید ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں اور بارش کے بعد صورتحال مزید بگڑگئی ہے (فوٹو فائل)

NEW YORK: شہر قائد میں شدید بارش کے بعد پیدا ہونے والی صورت حال اور سڑکوں کی ٹوٹ پھوٹ پر ٹریفک کا نظام متاثر ہونے کی وجہ سے ٹریفک پولیس نے سڑکوں کی مرمت کا مطالبہ کردیا۔

محکمے کی جانب سے بارش کے باعث شہر بھر میں خراب ہونے والی سڑکوں کی نشاندہی کرتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ شہر بھر میں 97 سڑکیں 145 مقامات پر خراب ہیں، جس سے ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہورہی ہے۔ ٹریفک پولیس کی جانب سے سڑکوں کی فوری مرمت کا مطالبہ کرتے ہوئے انتظامیہ کو باقاعدہ طور پر مکتوب ارسال کردیا گیا ۔

ایکسپریس کے رابطہ کرنے پر ڈی آئی جی ٹریفک احمد نواز چیمہ نے بتایا کہ انہوں نے ایڈیشنل آئی جی کراچی کو باضابطہ طور پر خط لکھنے کے ساتھ کراچی کی ضلعی انتظامیہ کو بھی آگاہ کیا ہے کہ بارشوں کے باعث شہر بھر کی سڑکوں کا بُرا حال ہے۔ جہاں پہلے چھوٹے چھوٹے گڑھے تھے، اب وہاں بڑے شگاف پڑ چکے ہیں۔ سڑکیں پانی میں بہہ گئی ہیں جب کہ گہرے گڑھے گاڑیوں کی روانی متاثر کرنے کے ساتھ ٹریفک جام کا باعث بھی بن رہے ہیں۔

اس سلسلے میں ٹریفک پولیس نے 97 سڑکوں کی نشاندہی کی ہے جوکہ 145 مقامات سے خراب ہیں۔ ڈی آئی جی ٹریفک احمد نواز نے مزید بتایا کہ ڈسٹرکٹ ساؤتھ میں 12 مقامات ، ڈسٹرکٹ سٹی میں 15 ، ڈسٹرکٹ سینٹرل میں 40 ، ڈسٹرکٹ ایسٹ میں 21 ، ڈسٹرکٹ کورنگی میں 15 ، ڈسٹرکٹ ویسٹ میں 13 اور ڈسٹرکٹ ملیر میں 29 مقامات شامل ہیں۔

ڈی آئی جی کا کہنا تھا کہ مرکزی شاہراہوں میں شاہراہ عراق ، سرور شہید روڈ ، کورنگی روڈ ، ایم اے جناح روڈ ، شارع لیاقت ، پریڈی اسٹریٹ ، مینسفیلڈ اسٹریٹ ، نشتر روڈ ، جہانگیر روڈ ، مارٹن روڈ ، جمشید روڈ ، جیل روڈ ، پی آئی بی کالونی ، راشد منہاس روڈ پر سڑکیں خراب ہیں۔

اس کے علاوہ یونیورسٹی روڈ ، حکیم ابن سینا روڈ ، سر شاہ سلیمان روڈ ، شارع ہمایوں ، شارع نور جہاں ، پیپلز چورنگی ، شہید ملت روڈ ، شارع قائدین، ڈالمیا روڈ ، سپر ہائی وے ، نیشنل ہائی وے ، لنک روڈ ، ہاکس بے روڈ ، ریس کورس روڈ ، منگھوپیر روڈ اور ایکسپریس وے سمیت دیگر کئی شاہراہیں اور سڑکیں شدید ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں اور بارش کے بعد صورتحال مزید بگڑگئی ہے۔

ٹریفک پولیس کی جانب سے کراچی کی انتظامیہ سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ فوری طور پر ان سڑکوں کی مرمت کا آغاز کیا جائے۔ علاوہ ازیں کورنگی کراسنگ ندی کا ایک حصہ بہہ جانے کے باعث ٹریفک کے لیے مکمل طور پر بند ہے اور وہاں کام جاری ہے۔ سڑک کو مٹی کی بھرائی کرکے لیول کیا جارہا ہے اور جلد ہی عارضی طور پر اسے ٹریفک کے لیے کھول دیا جائے گا۔

محکمے کے مطابق کورنگی کاز وے ندی کو عارضی طور پر چھوٹی گاڑیوں کے لیے کھول دیا گیا ہے ، اسی طرح شہر کے دیگر کئی مقامات پر بھی ٹریفک پولیس حکام اپنی مدد آپ کے تحت گڑھوں کو مٹی سے بھروا کر ٹریفک کی روانی بہتر بنانے کی کوششوں میں مصروف ہیں ۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔