خدمات کا تجارتی خسارہ جولائی تا جنوری 673 فیصد بڑھ گیا

7ماہ میں سروسز ایکسپورٹ 41 فیصد گھٹ کر 2.7 ارب، درآمدات 9 فیصد کمی سے4.4ارب اور خسارہ 1.7 ارب ڈالر رہا


Business Desk March 12, 2014
جنوری میں برآمدات 19 فیصد کم اور درآمدات 4 فیصد زائد رہنے کے باعث 54 فیصد اضافے سے 62 کروڑ ڈالر کا خسارہ . فوٹو: اے ایف پی/فائل

خدمات کی برآمدات میں تیزی سے کمی کے نتیجے میں سروسز سیکٹر کا تجارتی خسارہ رواں مالی سال کے ابتدائی 7 ماہ کے دوران 672.82 فیصد کے اضافے سے 1ارب68کروڑ70 لاکھ 70 ہزار ڈالر تک پہنچ گیا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں صرف 21 کروڑ 83 لاکھ ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا۔

پاکستان بیورو شماریات (پی بی ایس) سے جاری اعداد و شمار کے مطابق جولائی 2013 سے جنوری 2014 کے دوران خدمات کی برآمدات 41.39 فیصد گھٹ کر 2 ارب 70 کروڑ 60 لاکھ 10 ہزار ڈالر رہ گئیں جبکہ گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں سروسز ایکسپورٹ 4 ارب 61 کروڑ 68 لاکھ 20 ہزار ڈالر رہی تھیں، اس دوران خدمات کی درآمدات میں بھی کمی آئی تاہم یہ صرف 9.14 فیصد گھٹیں اور رواں مالی سال کے ابتدائی 7 ماہ میں 4 ارب 39 کروڑ30لاکھ80 ہزار ڈالر کی سروسز بیرون ملک سے لی گئیں جبکہ گزشتہ مالی سال میں خدمات کا درآمدی بل 4ارب83کروڑ 51لاکھ 20 ہزار ڈالر رہا تھا۔

اعدادوشمار کے مطابق دسمبر 2013 کے مقابلے میں جنوری 2014 کے دوران سروسز ایکسپورٹ 19.02 فیصد کمی سے 33کروڑ 6لاکھ 20 ہزار ڈالر، درآمدات 4.13 فیصد کے اضافے سے 62 کروڑ 25 لاکھ ڈالر اور تجارتی خسارہ 54.02 فیصد بڑھ کر 29کروڑ 18لاکھ 80 ہزار ڈالر رہا۔ یاد رہے کہ دسمبر میں خدمات کی برآمدات 40کروڑ 82 لاکھ 90 ہزار ڈالر، درآمدات 59کروڑ 78 لاکھ ڈالر اور تجارتی خسارہ 18 کروڑ 95 لاکھ 10ڈالر رہا تھا۔ اعدادوشمار کے مطابق جنوری 2013 کے مقابلے میں جنوری 2014 میں برآمدات13.06فیصد کم، درآمدات 2.2 اور تجارتی خسارہ 27.56 فیصد زائد رہا، جنوری 2013 میں سروسز ایکسپورٹ 38کروڑ 2لاکھ 80 ہزار ڈالر، درآمدات60کروڑ 91 لاکھ ڈالر اور تجارتی خسارہ 22کروڑ 88لاکھ 20 ہزار ڈالر رہا تھا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں