کراچی میں گرنے والی رہائشی عمارت کا مالک سابق پولیس اہلکار نکلا
4ماہ قبل تعمیر کی جانے والی بلڈنگ کی تعمیرات میں انتہائی ناقص مٹیریل استعمال کیا گیا،پولیس
PESHAWAR:
کراچی کے علاقےموسیٰ کالونی میں زمین بوس ہونے والی رہائشی عمارت کا مالک سابق پولیس اہلکار ہے جس نے 4 ماہ قبل تعمیر کی جانے والی بلڈنگ کی تعمیرات میں انتہائی ناقص مٹیریل استعمال کیا۔
تفصیلات کے مطابق سابق پولیس اہلکارعامر بابانے 4 ماہ قبل ہی رہائشی عمارت تعمیرکرائی تھی ،عمارت میں انتہائی ناقص میٹرئیل استعمال کیا گیا تھا، واقعے کے بعد سے سابق پولیس اہلکار فرارہے۔
پیرکی صبح گلبرگ تھانےکے علاقے موسیٰ کالونی میں 6 منزلہ رہائشی عمارت زمین بوس ہوگئی تھی، واقعےمیں کسی قسم کا کوئی جانی نقصان نہیں ہوا تھا تاہم عمارت گرنے سے متصل دو منزلہ عمارت کو بھی نقصان پہنچاتھا۔
ایس ایچ او گلبرگ امتیاز تنولی نے بتایا کہ رہائشی عمارت میں انتہائی ناقص تعمیراتی میٹریئل استعمال کیا گیا،بلڈنگ 40گزچوڑے اور تقریباً100 گز لمبے پلاٹ تعمیر کی گئی تھی۔
رہائشی عمارت میں 4 فلیٹس اور ایک دکان فروخت کی جاچکی تھی،عمارت میں ایک فلیٹ خالی جبکہ ایک فلیٹ سابق پولیس اہلکارکی ملکیت میں تھا۔
ایس ایچ او نے بتایا کہ رہائشی عمارت زمین بوس ہونے کے واقعے کے مقدمے کے اندراج کے لیے پولیس سے کسی نے رابطہ نہیں کیا، اگر زمین بوس ہونے والی عمارت کا کوئی مکین مقدمہ درج کرانا چاہتا ہے تو پولیس سے رابطہ کرے۔
انھوں نے بتایا کہ زمین بوس ہونے والی عمارت کے مکینوں کی جانب سے ازالہ کا مطالبہ کیا جا رہا ہے،رہائشی عمارت کا ملبہ اٹھانے کا کام شروع کردیا گیا ہے، جس کے بعد متصل دو منزلہ عمارت کو گرایا جائے گا۔