ایک ہفتے کے دوران ڈالر کی قدر میں 20 روپے اضافہ
ڈالر سمیت دیگر اہم غیرملکی کرنسیوں کی قدر میں ریکارڈ اضافہ ہوا
RAWALPINDI:
ہفتہ وار کاروبار کے دوران اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قدر 20روپے سے بڑھکر 230.50روپے کی ریکارڈ سطح پر آگئی۔
گذشتہ ہفتے ذرمبادلہ کی مارکیٹوں میں ڈالر, پاؤنڈ, یورواور ریال نے بلندی کے تاریخی ریکارڈز قائم کیے اور یومیہ بنیادوں پر نئے معاشی چیلنجز نے روپے کو تاریخ ساز بے قدر کیا۔
کاوبار کے دوران ڈالر کے انٹربینک ریٹ 228روپے اور اوپن ریٹ 230روپے سے تجاوز کرگئے۔ ہفتہ وار کاروبار کے دوران انٹربینک میں ڈالر کی قدر 18.02روپے بڑھکر 228.97روپے کی بلند ترین سطح پر آگئی۔اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قدر 20روپے سے بڑھکر 230.50روپے کی ریکارڈ سطح پر آگئی۔
اسی طرح برطانوی پاؤنڈ کے انٹربینک ریٹ 23.64روپے بڑھ کر 273.28روپے ہوگئےجبکہ اوپن مارکیٹ میں برطانوی پاؤنڈ کی قدر 21روپے بڑھکر 271روپے ہوگئی۔ انٹربینک میں یورو کرنسی کی قدر 20.40روپے بڑھکر 231.97روپے،اوپن مارکیٹ میں یورو کی قدر 18روپے اضافے سے 230روپے ہوگئی۔ انٹربینک میں ریال کی قدر 4.58روپے بڑھکر 60.77 روپے ہوگئی۔اوپن مارکیٹ میں ریال کی قدر 4.10روپے بڑھکر 60روپے ہوگئی۔
معاشی ماہرین کے مطابق آئی ایم ایف کی مزید شرائط سے قسط کا اجراء موخر ہونےسے روپیہ کمزور ہوا۔ غیریقینی سیاسی حالات نے بھی روپے کو بے قدر کیا۔ گذشتہ ہفتے تیل کی مد میں بیرونی ادائیگیوں کے دباؤ سے ڈالر سمیت دیگر اہم غیرملکی کرنسیوں کی قدر میں ریکارڈ اضافہ ہوا۔