دوسری بیوی کو تشدد کے بعد قتل کرکے شوہر اہل خانہ سمیت فرار

مقتولہ کے بھائی کو وائس میسج ملا کہ اس کی بہن کو قتل کیا گیا ہے، پولیس نے گھر کا تالا توڑ کر لاش برآمد کی


Staff Reporter July 28, 2022
مقتولہ سکینہ تین بچوں کی ماں تھی

بھینس کالونی میں شوہر نے بیوی کو تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد گلا کاٹ کر قتل کر دیا اور اپنے والدین ، بھائی اور بھابی سمیت فرار ہوگیا ۔ مقتولہ 3 بچوں کی ماں تھی۔ لاش 3 روز پرانی اور تعفن زدہ ہے ۔

پولیس کے مطابق سکھن کے علاقے بھینس کالونی روڑ نمبر 12 پیرانو گوٹھ السیف ہوٹل کے قریب گھر میں ایک خاتون کی لاش کی اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچ گئی اور علاقہ مکینوں کے سامنے گھر کے تالے کھول کر اندر داخل ہوئی تو کمرے میں ایک چار پائی پر خاتون کی تعفن زدہ لاش موجود تھی۔

پولیس متوفیہ کی لاش پہلے ایمبولینس کے ذریعے سکھن تھانے لے کر گئی، جہاں علاقہ مکینوں کے بیانات قلمبند کر کے لاش کو جناح اسپتال منتقل کیا گیا۔ متوفیہ کی شناخت 40 سالہ سکینہ زوجہ جہانزیب کے نام سے کی گئی ۔ پولیس کے مطابق لاش 2 سے 3 دن پرانی ہے ۔ مقتولہ کے جسم پر جلائے جانے کے نشانات تھے جب کہ اس کا گلا کٹا ہوا تھا۔

یہ خبر بھی پڑھیے: شادی کی تقریب میں فائرنگ سے دلہن اور دلہا کا چھوٹا بھائی جاں بحق

مقتولہ کی بہن نے پولیس کو بتایا کہ سکینہ 3 بچوں کی ماں تھی۔ مقتولہ کے شوہر جہانزیب نے اس سے پہلے بھی ایک شادی کی تھی ۔ گزشتہ روز مقتولہ کے بھائی کے موبائل پر ایک وائس میسج آیا تھا جس میں بتایا گیا تھا کہ سکینہ کا قتل ہوگیا، جس پر مقتولہ کے بھائی نے اپنی بہن کو اطلاع دی اور بھائی ، بہن اور اس کا شوہر بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب جب سکینہ کے گھر پہنچے تو دروازے پر تالا لگا ہوا تھا۔

اطلاع ملنے پر پولیس مقتولہ کے رشتے داروں کے ہمراہ سکینہ کے گھر پہنچی۔ اس موقع پر علاقہ مکینوں نے بتایا کہ جہانزیب 3 روز قبل اپنی والدہ، والد، بھائی اور اس کی بیوی کے ہمراہ گھر سے کافی سامان لے کر کہیں جانے کے لیے نکلا تو محلے والوں کے پوچھنے پر بتایا کہ پکنک پر جا رہے ہیں۔ مذکورہ 2 منزلہ مکان جہانزیب کی ملکیت ہے۔ جہانزیب کے گھر سے جانے سے قبل اس کی پہلی بیوی بھی آئی تھی، جس کے بعد گھر میں لڑائی جھگڑے اور چیخ پکار کی آوازیں آئیں، تاہم اہل محلہ اسے معمول سمجھ کر خاموشی اختیار کی۔ محلے والے اس لیے کچھ نہیں بولے کہ جہانزیب اکثر اپنے گھر میں لڑائی جھگڑا کرتا رہتا تھا ،

اہل محلہ کے مطابق علاقے میں جہانزیب کے ایک درجن کے قریب گھر اور دکانیں ہیں، جو اس نے کرایے پر دے رکھی ہیں۔ لیڈی ایم ایل او کی عدم دستیابی کے باعث مقتولہ کی لاش سردخانے منتقل کر دی گئی۔ پولیس کے مطابق پوسٹ مارٹم کے بعد لاش ورثا کے حوالے کر دی جائے گی ۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں